کواڈ ممالک نے کی پہلگام حملے کی مذمت، دہشت گردی کے خلاف مشترکہ بیان
واشنگٹن میں کواڈ ممالک نے پہلگام حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی، دہشت گردی کے خلاف اتحاد پر زور دیا اور اقوام متحدہ ارکان سے انصاف کے لیے تعاون کی اپیل کی

تصویر بشکریہ ایکس
واشنگٹن میں یکم جولائی کو منعقدہ کواڈ (کیو یو اے ڈی) ممالک کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ میں 22 اپریل 2025 کو جموں و کشمیر کے پہلگام میں پیش آئے دہشت گرد حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی۔ کواڈ میں شامل امریکہ، آسٹریلیا، جاپان اور ہندوستان کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ بیان میں دہشت گردی کے ہر قسم، بشمول سرحد پار دہشت گردی، کی بھرپور مخالفت کی اور متاثرین کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’’ہم 22 اپریل کو پہلگام میں ہوئے دہشت گردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، جس میں 25 ہندوستانی اور ایک نیپالی شہری جاں بحق جبکہ کئی افراد زخمی ہوئے۔ ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کرتے ہیں۔‘‘
کواڈ وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ اس بزدلانہ حملے کے مجرموں، منصوبہ سازوں اور مالی مددگاروں کو جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ بیان میں اقوامِ متحدہ کے تمام رکن ممالک سے اپیل کی گئی کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت ذمہ دار حکام سے تعاون کریں تاکہ دہشت گردی کے خاتمے میں موثر پیش رفت ہو سکے۔
اس موقع پر وزرائے خارجہ نے انڈو پیسفک خطے میں امن و استحکام کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ’’ہم ایک کھلے، آزاد اور خوشحال انڈو پیسفک کے لیے پرعزم ہیں جہاں تمام ممالک خودمختاری اور قانون کی پاسداری کے ساتھ ترقی کر سکیں۔ ہم کسی بھی ایسی یکطرفہ کوشش کی مخالفت کرتے ہیں جو طاقت یا دباؤ کے ذریعے موجودہ صورتحال کو بدلنے کی کوشش کرے۔‘‘
کواڈ نے اپنے دیرپا اثرات کو یقینی بنانے کے لیے ایک نئے اور مضبوط ایجنڈے کا اعلان بھی کیا، جس میں چار بنیادی شعبوں پر توجہ دی گئی ہے، سمندری و عالمی سلامتی، اقتصادی ترقی اور تحفظ، اہم و نئی ٹیکنالوجیز اور انسانی و ہنگامی امداد۔ بیان میں کہا گیا کہ ان شعبوں میں تعاون بڑھانے سے نہ صرف خطے کو درپیش اہم چیلنجوں کا مقابلہ کیا جا سکے گا بلکہ کواڈ کے وسائل کا مؤثر استعمال بھی ممکن ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل شنگھائی تعاون تنظیم کی وزرائے دفاع کی میٹنگ میں ہندوستانی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بھی پہلگام حملے پر سخت رخ اختیار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہندوستان نے اس حملے کا مؤثر جواب دیا ہے اور مستقبل میں بھی ایسی کسی بھی کارروائی پر سخت ردعمل دیا جائے گا۔
کواڈ اجلاس میں پہلگام حملے کی یک زبان مذمت عالمی برادری کو ایک واضح پیغام ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی قسم کی نرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔