پنجاب انتخابات: چنّی چمکور صاحب اور نوجوت سنگھ سدھو امرتسر مشرق سے امیدوار، کانگریس کی فہرست جاری

کانگریس کی طرف سے جاری امیدواروں کی فہرست کے مطابق وزیراعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی ایک مرتبہ پھر چمکور صاحب (محفوظ) سیٹ سے اور نوجوت سنگھ سدھو اپنی موجودہ سیٹ امرتسر مشرق سے مقابلہ کریں گے۔

تصویر بشکریہ این ڈی ٹی وی
تصویر بشکریہ این ڈی ٹی وی
user

قومی آوازبیورو

چنڈی گڑھ: پنجاب میں ہونے جا رہے اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس پارٹی کی جانب سے 86 امیدواروں پر مشتمل پہلی فہرست جاری کر دی گئی ہے، جس میں وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی، پارٹی کے ریاستی صدر نوجوت سنگھ سدھو، نائب وزیر اعلیٰ سکھجندر رندھاوا اور او پی سینی سمیت کئی اہم لیڈران کے نام شامل ہیں۔

کانگریس کی طرف سے جاری امیدواروں کی فہرست کے مطابق وزیراعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی ایک مرتبہ پھر چمکور صاحب (محفوظ) سیٹ سے مقابلہ کریں گے۔ اس کے علاوہ نوجوت سنگھ سدھو اپنی موجودہ سیٹ امرتسر مشرق، سکھجندر سنگھ رندھاوا اپنی موجودہ سیٹ ڈیرا بابا نانک اور اوپی سونی بھی اپنے موجودہ حلقہ انتخاب امرتسر وسط سے ہی انتخابی میدان میں اتریں گے۔


پنجاب کانگریس کمیٹی کے سابق صدر اور راجیہ سبھا کے رکن پتاپ سنگھ باجوہ قادیان سے انتخاب لڑیں گے۔ اس کے علاوہ حال ہی میں کانگریس میں شامل ہونے والی اداکار سونو سود کی بہن مالویکا سود موگا سے پارٹی کی امیدوار ہوں گی۔ خیال رہے کہ پنجاب کی تمام 117 اسمبلی سیٹوں پر 14 فروری کو پولنگ ہوگی۔

دیگر امیدواروں کی بات کریں تو کانگریس نے پرمندر سنگھ پنکی کو فیروزپور، سنیل جاکھڑ کے بھتیجے سندیپ جاکھڑ کو ابوہر، گرپریت سنگھ کو بسی پٹھانا، برہم موہندرا کے بیٹے موہت کو پٹیالہ دیہات، سدھو موسے والا کو منسا، نریش پوری کو سجان پور اور امت وج کو پٹھانکوٹ سے امیدوار بنایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔