ٹوکیو اولمپک میں میڈل جیتنے والوں کو کیپٹن امرندر نے کھلایا اپنے ہاتھوں سے تیار ’چکن پلاؤ‘

پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امرندر نے گزشتہ مہینے ٹوکیو اولمپک میں میڈل جیتنے والے پنجاب کے کھلاڑیوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ انھیں اپنے ہاتھوں سے بنا کھانا کھلائیں گے، آج انھوں نے وہ وعدہ پورا کر دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

اس بار ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی پہلے کے اولمپکس مقابلوں سے کہیں زیادہ بہتر رہی اور کچھ کھلاڑیوں نے تو ایک نئی تاریخ رقم کر کے ملک کا نام روشن کر دیا۔ وطن واپسی پر ان کھلاڑیوں کا ان کے چاہنے والوں اور مختلف شعبہ حیات سے جڑے لوگوں نے دل کھول کر استقبال کیا۔ لیکن پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امرندر سنگھ نے میڈل یافتگان کے لیے آج جو کیا، وہ اپنے آپ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

دراصل کیپٹن امرندر نے گزشتہ مہینے ٹوکیو اولمپک میں میڈل جیتنے والے پنجاب کے کھلاڑیوں سے وعدہ کیا تھا کہ وہ انھیں اپنے ہاتھوں سے بنا کھانا کھلائیں گے۔ آج وزیر اعلیٰ نے وہ وعدہ پورا کر دیا۔ 8 ستمبر کو انھوں نے جیولن تھرو میں گولڈ جیتنے والے نیرج چوپڑا اور ہندوستانی مرد ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے اپنے ہاتھوں سے پلاؤ، چکن، آلو اور زردہ رائس تیار کیا۔


وزیر اعلیٰ کیپٹن امرندر نے یہ شاہی کھانا سسون فارم ہاؤس پر تیار کیا جہاں پنجاب کے میڈل یافتہ کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا۔ اس موقع پر کیپٹن امرندر پوری طرح سے ایک باورچی کی شکل میں نظر آئے۔ جب کھانا تیار ہو گیا تو وہ اپنے ہاتھوں سے میڈل یافتگان کے سامنے یہ کھانا پیش کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔ اس کی تصویریں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں اور وزیر اعلیٰ کیپٹن امرندر کے اس عمل کی خوب تعریف بھی ہو رہی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ ریاست کے میڈل یافتگان کے لیے منعقد ایک اعزازی تقریب میں کیپٹن امرندر نے کہا تھا کہ ویسے تو وہ فوڈی (کھانے پینے میں دلچسپی رکھنے والے) نہیں ہیں، لیکن انھیں اپنے مہمانوں کے لیے کھانا بنانا پسند ہے۔ اسی موقع پر انھوں نے وعدہ کیا تھا کہ ملک اور ریاست کا نام روشن کرنے والے کھلاڑیوں کو وہ اپنے ہاتھوں سے بنا کھانا کھلائیں گے۔ آج یہ وعدہ انھوں نے پورا کیا اور پھر کھانا بناتے وقت کی ایک ویڈیو انھوں نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر بھی کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔