پی ٹی آئی جھارکھنڈ کے بیورو چیف نے کی خودکشی، وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین کا اظہارِ غم

صحافی رامانوجم کی خودکشی سے ان کی اہلیہ بری طرح ٹوٹ گئی ہیں۔ وہ زیادہ بولنے کی حالت میں نظر نہیں آئیں لیکن انہوں نے صرف اتنا کہاکہ ان پر کنبہ کا کوئی دباؤ نہیں تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

رانچی: ملک کی اہم خبر رساں ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا ( پی ٹی آئی) کے جھارکھنڈ کے بیورو چیف پی وی رامانوجم نے گلے میں پھندا لگا کر خود کشی کرلی ہے۔ رانچی پولیس سپرنٹنڈنٹ ( دیہی) نوشاد عالم نے جمعرات کو یہاں بتایا کہ رامانوجم (56سال) بدھ کی رات قریب ایک بجے سونے گئے۔ ان کی اہلیہ آج صبح ساڑھے پانچ بجے بیدار ہوئیں تو انہیں رامانوجم نہیں نظر آئے اور کمرے کا دروازہ بھی باہر سے بند تھا۔ دھکا دے کر دروازہ کو کھولا تو راما نوجم کو پھنکے سے لٹکا ہوا پایا۔

نوشاد عالم نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی لال پور تھانہ پولیس نے لاش کو پھندے سے نیچے اتارا۔ لاش پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کی تفتیش کے لئے ایک جانچ کمیٹی ( ایس آئی ٹی) کی تشکیل کی جائے گی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ نے بتایا کہ رامانوجم کا بیٹا اڑیسہ کے دار الحکومت بھونیشور میں پڑھائی کرتا ہے۔ پولیس اس کے وہاں سے رانچی بحفاظت لانے کا انتظام کرے گی اور اگر کنبہ کی جانب سے خواہش کا اظہار کیا گیا تو لاش کو بھونیشور بھیجنے کا بھی انتظام کیا جائے گا۔ وہیں اس حادثے سے غمزدہ رامانوجم کی اہلیہ زیادہ بولنے کی حالت میں نظر نہیں آئیں لیکن انہوں نے صرف اتنا کہا کہ ان پر کنبہ کا کوئی دباﺅ نہیں تھا۔


دریں اثناء وزیراعلیٰ ہیمنت سورین نے رامانوجم کی موت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ راما نوجم کے یوں چلے جانے سے صحافتی شعبے کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔ ان کی صحافت سے صحافیوں کو رہنمائی اور ترغیب ملی ہے۔ خدا ان کی روح کو تسکین عطا کرے اور غمزدہ کنبہ کو صبر کی قوت عطا کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔