مغربی بنگال میں بی جے پی صدر کے قافلہ پر مظاہرین نے کیا حملہ، دیکھیں ویڈیو

بی جے پی صدر جے پی نڈّا مغربی بنگال کے دو روزہ دورہ پر ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ڈائمنڈ ہاربر میں ان کے قافلے پر کچھ مظاہرین نے پتھراؤ کیا اور سڑک کو بند کرنے کی کوششیں بھی ہوئیں۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

9 دسمبر کو مغربی بنگال کے دو روزہ دورے پر پہنچے بی جے پی قومی صدر جے پی نڈّا کے قافلے پر حملہ کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ریاست کے ڈائمنڈ ہاربر میں جے پی نڈّا کے قافلے پر کچھ مظاہرین نے پتھراؤ کیا۔ اس کے ساتھ ہی قافلے کو روکنے کی بھی کوشش کی گئی ہے۔ نڈّا کے قافلے پر حملہ کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے اور جس گاڑی پر حملہ ہوا ہے اس میں کیلاش وجے ورگیہ موجود تھے۔

بی جے پی نے اس حملہ کے تعلق سے ترنمول کانگریس کو مورد الزام ٹھہرایا اور کہا ہے کہ اس برسراقتدار پارٹی کی سازش ہے۔ مغربی بنگال بی جے پی سربراہ دلیپ گھوش کا کہنا ہے کہ پارٹی صدر جے پی نڈّا کے ریاستی دورہ کے دوران سیکورٹی میں چوک ہوئی ہے۔ بدھ کو ان کے پروگرام میں پولس کی کوئی موجودگی نہیں تھی اور اس سلسلے میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ساتھ مقامی انتظامیہ کو بھی خط لکھا گیا ہے۔


اس درمیان بی جے پی کے الزامات کو ترنمول کانگریس نے سرے سے مسترد کر دیا ہے۔ ترنمول لیڈروں کا کہنا ہے کہ نڈّا کے قافلے پر حملہ ترنمول کے لوگوں نے نہیں کرایا ہے۔ یہاں قابل ذکر ہے کہ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کے روز ہی بی جے پی پر اس طرح کا الزام عائد کیا ہے کہ پارٹی منصوبہ بند سازش کے تحت خود اپنے کارکنان پر گولی چلوا رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔