راجستھان: وزیر اعلیٰ کے روڈ شو میں جھنڈا پکڑنے کے لیے 375 روپے دینے کا وعدہ، پیسہ دیے بغیر ٹھیکیدار فرار!

وزیر اعلیٰ بھجن لال کا روڈ شو پیر کے روز کمہیر گیٹ سے شروع ہو کر بجلی گھر چوراہا پر ختم ہوا، اس روڈ شو میں جھنڈا پکڑنے والے مزدوروں کا کہنا ہے کہ انھیں 375 روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا جو نہیں ملا۔

بی جے پی / علامتی تصویر
بی جے پی / علامتی تصویر
user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا انتخاب کے پیش نظر سبھی پارٹیاں انتخابی تشہیر میں مصروف ہیں۔ اس درمیان راجستھان سے ایک حیران کرنے والی خبر آ رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما کے روڈ شو میں شامل کچھ مزدوروں نے الزام عائد کیا ہے کہ انھیں بی جے پی کا جھنڈا پکڑنے کے لیے 375-375 روپے دینے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن روڈ شو ختم ہونے کے بعد ٹھیکیدار بغیر پیسہ دیے فرار ہو گیا۔

دراصل بی جے پی حکمراں راجستھان کے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے آج روڈ شو کیا جس میں مزدوروں کی بڑی تعداد دیکھنے کو ملی۔ یہ روڈ شو کمہیر گیٹ سے شروع ہو کر بجلی گھر چوراہا کے پاس ختم ہوا۔ روڈ شو کے لیے بازار کو بی جے پی کے جھنڈوں سے پوری طرح بھر دیا گیا تھا۔ وزیر اعلیٰ بھرت پور سے بی جے پی امیدوار کی حمایت میں عوام سے ووٹ مانگنے نکلے تھے، لیکن اس کے لیے جو بھیڑ جمع کی گئی اس کے لیے مبینہ طور پر پیسوں کا استعمال کیا گیا۔


روڈ شو میں شامل ہوئے مزدوروں نے کہا کہ روزانہ کی طرح آج بھی وہ لکشمن مندر پر مزدوری کے لیے کھڑے تھے۔ ایک ٹھیکیدار نے 375 روپے فی مزدور کی شرح سے روڈ شو میں شامل ہونے کے لیے کہا اور ساتھ لے گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ روڈ شو ختم ہونے کے بعد ٹھیکیدار کا کچھ بھی پتہ نہیں چل رہا۔ سبھی مزدور اس وجہ سے پریشان ہیں کہ انھیں مزدوری بھی نہیں مل سکی ہے۔

واضح رہے کہ راجستھان کی 25 لوک سبھا سیٹوں کے لیے انتخاب دو مراحل میں ہونے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں 12 سیٹوں پر 19 اپریل کو ووٹنگ ہوگی، جبکہ دوسرے مرحلہ میں 13 لوک سبھا سیٹوں کے لیے 26 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ بھرت پور لوک سبھا سیٹ پر پہلے مرحلہ میں ووٹ ڈالا جائے گا جو کہ وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما کا آبائی علاقہ ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ سیٹ بی جے پی کے لیے ساکھ کا سوال بن گیا ہے۔ اس سیٹ سے کانگریس نے سنجنا جاٹو کو امیدوار بنایا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔