پرینکا گاندھی کا دو روزہ بہار دورہ، ووٹر ادھیکار یاترا میں ہوں گی شامل، خواتین کے ساتھ منائیں گی تیج

پرینکا گاندھی آئندہ 26 اور 27 اگست کو بہار کا دورہ کریں گی۔ ایک دن وہ سوپول میں رہیں گی اور دوسرے دن سیتامڑھی کا دورہ کریں گی۔ اس دوران وہ جانکی مندر بھی جانے والی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>پرینکا گاندھی (فائل)/ ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

 بہار اسمبلی انتخاب کے پہلے ایس آئی آر اور ووٹر لسٹ معاملے کو لے کر کانگریس اور آر جے ڈی سمیت تقریباً سبھی اپوزیشن پارٹیاں ووٹر ادھیکار یاترا پر ہیں۔ ’ووٹ چور- گدّی چھوڑ‘ کے نعروں سے بہار کی فضا گونج رہی ہے۔ راہل گاندھی اور تیجسوی یادو 17 اگست سے پورے بہار کے دورہ پر ہیں۔ ملک کے کئی بڑے رہنما بھی اس یاترا میں شریک ہو رہے ہیں۔ اب اس یاترا میں کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی بھی شامل ہونے والی ہے۔ اس کو لے کر بہار کے عوام کافی پُرجوش ہیں اور ان کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

پرینکا گاندھی آئندہ 26 اور 27 اگست کو بہار کا دورہ کریں گی۔ پرینکا کے ووٹر ادھیکار یاترا میں شمولیت سے اس سفر کو کافی تقویت ملنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اپنے دو روزہ دورے میں پرینکا 26 اگست کو سوپول ضلع میں رہیں گی، اسی دن رات میں آرام کے بعد دوسرے دن وہ سیتامڑھی کا دورہ کریں گی۔ یہاں وہ جانکی مندر میں پوجا بھی کریں گی۔ ان دو دنوں میں پرینکا بہار کی نصف آبادی خواتین ووٹروں کو ریاستی حکومت کی خامیوں اور حقیقت سے روشناس کرانے کی کوشش کریں گی۔


غور طلب ہے کہ جس دن پرینکا گاندھی بہار کے دورہ پر رہیں گی، اسی دن ہرتالیکا تیج ورت ہے۔ بہار میں یہ ورت شادی شدہ خواتین پورے دن ’اُپواس‘ رکھ کر کرتی ہیں  اور اپنے شوہر کی طویل عمری کی دعا مانگتی ہیں۔ اس لحاظ سے پرینکا گاندھی کی خواتین کے درمیان موجودگی کافی اہمیت کی حامل سمجھی جا رہی ہے۔

پرینکا گاندھی جس جگہ دورہ کریں گی، وہ این ڈی اے کا گڑھ مانا جاتا ہے۔ کانگریس اور اپوزیشن اتحاد کی کوشش ہے کہ لوک سبھا انتخاب میں جس طرح شاہ آباد میں این ڈی اے کا صفایا کر دیا گیا، اسی طرح شمالی بہار میں بھی این ڈی اے کا صفایا ہو اور اس کے لیے خواتین ووٹروں کی اہمیت کافی بڑھ جاتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔