پرینکا گاندھی کا الیکشن کمیشن پر زوردار حملہ، کہا- ’گیانیش کمار، ویویک جوشی اور ایس ایس سندھو ووٹ چوری کے ذمہ دار‘
انتخابی جلسے کے دوران پرینکا گاندھی نے الیکشن کمیشن پر ووٹ چوری کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ بہار کے 65 ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے کاٹ دئے گئے اور تینوں اعلیٰ افسران اس سازش کے ذمہ دار ہیں

کٹیہار: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بہار کے کدوا میں انتخابی جلسے کے دوران الیکشن کمیشن آف انڈیا پر سنگین الزام لگاتے ہوئے کہا کہ جمہوریت پر حملہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ کمیشن کے تین اعلیٰ افسران گیانیش کمار، ویویک جوشی اور ایس ایس سندھو بہار میں ’ووٹ چوری‘ کی سازش کے ذمہ دار ہیں۔
پرینکا گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’بی جے پی کو جب اندازہ ہوا کہ عوام آئین کو کمزور کرنے کے خلاف ہیں، تو انہوں نے ووٹ چوری کے منصوبے کو مضبوط کرنا شروع کر دیا۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ بہار میں تقریباً 65 لاکھ ووٹر لسٹ سے نام حذف کر دیے گئے، تاکہ اپوزیشن کے حق میں پڑنے والے ووٹ کم کیے جا سکیں۔
انہوں نے مجمع سے براہِ راست سوال کیا، ’کون ہے ووٹ چور؟‘ اور عوام سے جواب میں الیکشن کمشنروں کے نام لینے کے لیے کہتے ہوئے کہا، ’’گیانیش کمار، ویویک جوشی اور ایس ایس سندھو!‘‘ پرینکا نے کہا، ’’یہ تینوں ہمارے الیکشن کمیشن کے سب سے بڑے افسر ہیں، جنہیں شرم آنی چاہیے کہ ملک نے انہیں جمہوریت کی حفاظت کی ذمہ داری دی، مگر یہ عوام کے ووٹ کاٹنے میں لگے ہیں۔‘‘
کانگریس لیڈر نے الزام لگایا کہ ’’یہ افسران اپنے عہدوں کے پیچھے چھپ کر عوام کے اعتماد کو مجروح کر رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’چند ماہ بعد جب یہ ریٹائر ہوں گے تو چین سے نہیں رہ سکیں گے، کیونکہ عوام انہیں یاد رکھے گی۔‘‘
پرینکا گاندھی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ’’یہ صرف بہار کا نہیں بلکہ ملک بھر کے عوام کے ووٹ کا مسئلہ ہے۔ جمہوریت کی بنیاد ووٹ ہے اور اگر ووٹ پر قبضہ ہو گیا تو عوام کی آواز ختم ہو جائے گی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’ہم وہی لڑائی لڑ رہے ہیں جو مہاتما گاندھی نے لڑی تھی — سچائی اور انصاف کی لڑائی۔ لیکن آج کا سامراج نریندر مودی کا سامراج ہے، جو عوام کی آواز دبانے میں مصروف ہے۔‘‘
پرینکا گاندھی نے کہا کہ بی جے پی کی پوری سیاست عوام کو بانٹنے اور خوف پھیلانے پر مبنی ہے۔ ان کا ایک ایک کارکن گھر گھر جا کر مذہب کے نام پر ووٹ مانگتا ہے لیکن اب بہار کے عوام باشعور ہیں، وہ جانتے ہیں کہ اصل مسئلہ روزگار، تعلیم اور بدعنوانی ہے۔‘‘
انہوں نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ وہ اپنی غیرجانبداری ثابت کرے۔ ’’اگر کمیشن نے خاموشی اختیار کی، تو عوام اسے معاف نہیں کریں گے۔‘‘ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ’’بہار کے عوام کا ووٹ ہی ان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ اسی ووٹ سے ان کا مستقبل بنتا ہے۔ لہٰذا اسے کسی کے جھوٹے وعدوں یا دباؤ کے آگے ضائع نہ ہونے دیں۔‘‘