پرینکا نے اترپردیش کے عوام سے کہا  ’میں آ رہی ہوں، مل کر کریں گے نئی سیاست‘

کل پرینکا گاندھی کے ساتھ گانگریس صدر راہل گاندھی اور مغربی اترپردیش کے انچارج جنرل سکریٹری جیوترادتیہ سندھیا بھی لکھنؤ میں موجود ہوں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

آج کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری اور مشرقی اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی اور مغربی اترپردیش کے انچارج اور کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری جیوترادتیہ سندھیا نے ایک آڈیو کلپ کے ذریعہ اترپردیش کے 60 لاکھ عوام سے اپیل کی۔

کانگریس جنرل سکریٹری اور مشرقی اتر پردیش کی انچارج پرینکا گاندھی نے ریاست کے تقریباً 30 لاکھ لوگوں سے اپنے ساتھ شامل ہونے کے لئے سماج کے ہر طبقے سے اپیل کی ہے۔

کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اترپردیش کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ کل سب سے ملنے کے لئے لکھنؤ آرہی ہیں، انہوں نے کہا کہ ’’میں پرامید ہوں کہ ہم سب مل کر ایک نئی سیاست کی شروعات کریں گے، ایک ایسی سیاست جس میں آپ سب شامل ہوں اور اس نئی سیاست کا حصہ بنیں گے، میرے نوجوان احباب، میری بہنیں اور سب سے کمزور فرد کی آواز سنائی دے گی، آئیے میرے ساتھ مل کر نئے مستقبل اور نئی سیاست کی تعمیر کریں‘‘۔

وہیں کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری اور مشرقی اترپردیش کے انچارج جیوترادتیہ سندھیا نے بھی مشرقی اترپردش کے 30 لاکھ عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آئیے سب مل کر نئے ہندوستان کی تعمیر کریں۔

کانگریس کی جنرل سکریٹری کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پرینکا گاندھی واڈرا کا 11 فروری کو لکھنؤ کے دورے پر جارہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق لکھنؤ میں پرینکا آنے والے عام انتخابات کے لئے پارٹی کی حکمت عملی پر غورخوض کریں گی۔ واضح رہے کہ پرینکا گاندھ واڈرا نے منگل 5 فروری کو دہلی میں پارٹی جنرل سکریٹری کا عہدہ سنبھال لیا تھا۔

کانگریس ذرائع سے موصول اطلاعات کے مطابق پرینکا گاندھی واڈرا کے ساتھ گانگریس صدر راہل گاندھی اور مغربی اترپردیش کے جنرل سکریٹری جیوترادتیہ سندھیا بھی موجود ہوں گے۔ پرینکا گاندھی واڈرا لکھنؤ میں ائیر پورٹ سے ریاستی دفتر تک روڈ شو کے بعد وہ پارٹی رہنماؤں کے ساتھ اعلی سطحی میٹنگ میں شرکت کریں گی۔

اطلاعات کے مطابق فی الحال لکھنؤ کے لئے پرینکا گاندھی واڈرا ایک روزہ دورے پر آئیں گی، لیکن راہل کے ساتھ وہ 12 فروری کو رائے بریلی اور امیٹھی بھی جاسکتی ہیں۔ اس درمیان یہ اطلاعات بھی موصول ہورہی ہیں کہ پرینکا گاندھی ہر ہفتے 4 دن کانگریس کے ریاستی دفتر میں موجود رہیں گی اور انتخابات کی تیاریوں پر نظر رکھیں گی اور پارلیمانی سیٹوں کے لئے آگے کی حکمت عملی کو تشکیل دیں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Feb 2019, 8:08 PM