پرینکا گاندھی نے ’کرناٹک معاملہ‘ پر بی جے پی کو بنایا تنقید کا نشانہ

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے کرناٹک میں کماراسوامی حکومت گرائے جانے کے بعد بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ ایک دن اس کی بدعنوانی اور جھوٹ کا پردہ فاش ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پرینکا گاندھی اتر پردیش میں کانگریس کو مضبوط کرنے اور عوامی مفادات کے لیے کام کرنے میں تو مصروف ہیں ہی، کرناٹک میں جو کچھ گزشتہ دنوں ہوا، اس پر بھی اپنا رد عمل پیش کرنے سے پیچھے نہیں ہیں۔ کرناٹک میں بی جے پی کے ذریعہ جمہوری طریقے سے منتخب کماراسوامی حکومت گرائے جانے کو لے کر بی جے پی کی تلخ تنقید کی ہے۔ انھوں نے اس سلسلے میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایک دن بی جے پی کی بدعنوانی اور جھوٹ کا پردہ فاش ضرور ہوگا۔

پرینکا گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں کرناٹک میں ہوئے سیاسی ڈرامہ کے حوالے سے کہا کہ ’’ایک دن بی جے پی کو پتہ چلے گا کہ ہر چیز نہیں خریدی جا سکتی، ہر کسی کا استحصال نہیں کیا جا سکتا اور آخر کار جھوٹ کا پردہ فاش ہوتا ہے۔‘‘ انھوں نے ٹوئٹ میں آگے لکھا ہے کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ تب تک ملک کو اور عام شہریوں کو بی جے پی کی بدعنوانی اور دہائیوں کی لگن اور قربانی سے بنائے گئے لوگوں کے مفادات کا تحفظ کرنے والے اداروں کو منہدم کرنے کے عمل کو برداشت کرنا ہوگا۔‘‘


غور طلب ہے کہ اتر پردیش کے سون بھدر ضلع میں دبنگوں نے زمین قبضانے کے لیے قتل عام کیا تھا جس میں 10 لوگوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔ اس واقعہ کے متاثرین سے ملنے کے لیے پرینکا گاندھی سون بھدر جانا چاہتی تھیں، لیکن یوگی حکومت نے انھیں بیچ راستے میں ہی روک کر گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد پرینکا گاندھی نے وہیں دھرنا دیا اور مضبوط ہو کر بی جے پی حکومت کو جھکنا پڑا تھا۔

اس واقعہ کے سیاسی طول پکڑنے کے بعد وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی سون بھدر میں متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی تھی اور معاوضے کا اعلان کیا تھا۔ پرینکا گاندھی نے اسی اعلان کو لے کر ایک بار پھر یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ انھوں نے کہا تھا کہ ’’امبھا گاؤں کے متاثرین کی آواز کا جب کانگریس کے ہزاروں کارکنان، انصاف پسند لوگوں نے ساتھ دیا تب یو پی حکومت کو بھی لگا کہ کوئی سنگین واقعہ سرزد ہوا ہے۔ آج جو اعلانات کیے گئے ہیں ان پر جلد عمل ہو۔ قبائلیوں کو زمین کا مالکانہ حق ملے اور سب سے ضروری یہ کہ گاؤں کے لوگوں کو پوری سیکورٹی ملے۔‘‘


اس درمیان خبر یہ بھی گرم ہے کہ پرینکا گاندھی ایک بار پھر سون بھدر جانے والی ہیں۔ 19 جولائی کو پرینکا گاندھی نے سون بھدر قتل عام کی متاثرہ فیملی کو کانگریس پارٹی کی طرف سے 10-10 لاکھ کے معاوضے کا اعلان کیا تھا۔ اب پرینکا گاندھی خود ان خاندانوں کو معاوضے کی رقم کا چک سونپنا چاہتی ہیں، جس کے لیے آنے والے دو تین دنوں کے اندر دوبارہ ان کے سون بھدر دورہ کی تیاری کی جا رہی ہے۔

پارٹی کے سینئر ذرائع کے مطابق پرینکا گاندھی کے سون بھدر دورہ کی تاریخ کا اعلان کبھی بھی ہو سکتا ہے۔ پرینکا گاندھی سون بھدر معاملے پر شروع سے ہی حکومت کو گھیرتی رہی ہیں۔ سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پرینکا گاندھی کے دوبارہ سون بھدر جانے کی بات سے یہ تو صاف ہو جاتا ہے کہ وہ اس معاملے کو آسانی سے ٹھنڈا نہیں ہونے دیں گی۔ وہ چاہتی ہیں کہ لوگوں کے ذہن میں سون بھدر کا معاملہ زندہ رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔