مدھیہ پردیش میں بزرگوں کے ساتھ بدسلوکی، انسانیت پر بدنما داغ ... پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ اندور میں رونما یہ واقعہ انسانیت پر ایک بدنما داغ ہے۔ حکومت اور انتظامیہ کو چاہیے کہ ان بے سہارا لوگوں سے معافی مانگے اور اعلی عہدیداروں پر کارروائی کی جائے۔

پرینکا گاندھی / تصویر آئی اے این ایس
پرینکا گاندھی / تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے مدھیہ پردیش کے اندور میں ان بے سہارا بزرگوں کو شہر کے باہر کچرے کی گاڑی میں پھینکنے پر سخت رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’مدھیہ پردیش کے اندور میں پیش آنے والا یہ واقعہ انسانیت پر ایک بد نما داغ ہے۔ حکومت اور انتظامیہ کو ان بے سہارا لوگوں سے معافی مانگنی چاہیے اور احکامات پر عمل درآمد کرنے والے چھوٹے عملے پر نہیں بلکہ احکامات دینے والے اعلی عہدیداروں پر کارروائی ہونی چاہیے۔

مدھیہ پردیش کے اندور سے ایک شرمناک ویڈیو وائرل ہوا ہے جس میں میونسپل کارپوریشن کے کارکنان بروز جمعہ کمزور اور بے سہارا بزرگوں کو ایک گاڑی میں بھر کر اندور-دیواس شاہراہ پر چھوڑتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ کانگریس نے اس ویڈیو کے لئے شیو راج حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اس کو لے کر ایک ٹوئٹ بھی کیا ہے۔


میں آپ کو بتاتا چلوں کہ جمعہ کے روز انسانیت کو شرمناک کرنے والی تصویر سامنے آئی تھی۔ میونسپل کارپویشن کے کارکنان نے بے سہارا بزرگوں کو ایک ڈمپر میں مویشیوں کی طرح بھرا اور شہر سے باہر چھوڑ دیا۔ جب کچھ لوگوں نے کارپویشن ملازمین کی اس کارروائی کی مخالفت کی تو انہوں نے ان بزرگوں کو واپس ڈمپر میں بٹھالیا۔ اس واقعہ کو لے کر شیو راج حکومت پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔ کانگریس رہنما جیتو پٹواری اور نریندر سلوجا نے شیوراج حکومت سے پوچھا ہے کہ کیا یہی ہے آپ کا گڈ گورننس ؟ سلوجا نے کہا کہ عہدیدار بی جے پی کے نظریہ پر کام کر رہے ہیں۔

اندور میں ہونے والے انسانیت کو شرمسار کرنے والے واقعے پر حکومت کی فضیحت کو دیکھ کر مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کو اس کے بچاؤ میں آنا پڑا۔ اس معاملے کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے بعد انہوں نے ڈپٹی کمشنر آف پولیس پرتاپ سولنکی کو معطل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 30 Jan 2021, 12:11 PM