پرینکا گاندھی نے بہار میں جنسی تناسب کی ایک رپورٹ پر کیا اظہارِ فکر، این ڈی اے حکومت کو بنایا ہدف تنقید
پرینکا گاندھی نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر ایسا کیا ہو رہا ہے کہ پیدا ہونے والے بچوں میں بیٹیوں کی تعداد لگاتار کم ہو رہی ہے؟

کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی / آئی اے این ایس
پٹنہ: بہار اس وقت سبھی پارٹیوں کے لیے انتہائی اہم ریاست ہے۔ رواں سال کے آخر میں یہاں اسمبلی انتخاب ہونا ہے، اس لیے برسراقتدار طبقہ میں شامل پارٹیوں کے لیڈران اور اپوزیشن لیڈران نہ صرف عوامی اجلاس اور ریلیاں کر رہے ہیں، بلکہ اہم ایشوز کو اٹھا بھی رہے ہیں۔ کانگریس مستقل بہار میں بڑھتے جرائم اور بے روزگاری کا ایشو اٹھا رہی ہے۔ راہل گاندھی کئی بار بہار دورہ کر چکے ہیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ بھی نتیش کمار کی قیادت والی این ڈی اے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔ آج پرینکا گاندھی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ کے ذریعہ بہار کے ایک انتہائی اہم مسئلہ پر اپنی بات رکھی ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بہار میں سب سے کم جنسی تناسب کا ذکر کرتے ہوئے نتیش حکومت کو کٹہرے میں کھڑا کرنے کی کوشش کی ہے۔ ’ایکس‘ پر انھوں نے لکھا ہے کہ بہار میں فی ہزار لڑکوں پر محض 891 لڑکیاں پیدا ہو رہی ہیں۔ پرینکا گاندھی نے سوال کیا ہے کہ آخر ایسا کیا ہو رہا ہے کہ پیدا ہونے والے بچوں میں بیٹیوں کی تعداد لگاتار گر رہی ہے؟ ایک طرف خواتین پر لگاتار ہو رہی بربریت اور دوسری طرف جنسی تناسب کے معاملے میں ملک میں سب سے خراب حالت اس بات کا اشارہ ہے کہ بہار میں ڈبل انجن حکومت خواتین کے لیے خطرناک ثابت ہو رہی ہے۔
پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ساتھ ایک نیوز رپورٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ ہندوستان کے رجسٹرار جنرل کے دفتر کے ذریعہ جاری تازہ شہری رجسٹریشن سسٹم رپورٹ 2022 کے مطابق بہار میں پیدائش کے وقت لڑکیوں کا جنسی تناسب 891 ہے۔ اس کے بعد مہاراشٹر (906)، تلنگانہ (907)، ہریانہ (909) اور اتراکھنڈ (910) کا نمبر آتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بہار میں 1000 لڑکوں پر صرف 891 لڑکیاں پیدا ہو رہی ہیں، یہ تناسب 2020 میں 964 تھا، جو 2021 میں گھٹ کر 908 ہو گیا، اور 2022 میں صرف 891 رہ گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔