پرینکا گاندھی نے مایاوتی پر کیا حملہ، کہا ’یہ وقت بی جے پی نہیں، ہندوستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے‘

پرینکا گاندھی کا کہنا ہے کہ ”ہر ہندوستانی کو ہندوستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، اور جو حکومت ملک کی سرزمین کو گنوا ڈالے، اس حکومت کے خلاف لڑنے کی ہمت بنانی پڑے گی۔“

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ہند-چین سرحد تنازعہ سے متعلق بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی کے ایک بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور واضح لفظوں میں کہا ہے کہ یہ وقت کسی سیاسی پارٹی کے ساتھ نہیں بلکہ ہندوستان کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔ ساتھ ہی پرینکا گاندھی نے یہ بھی کہا کہ "جیسا کہ میں نے کہا تھا، کچھ اپوزیشن پارٹی کے لیڈران بی جے پی کے غیر اعلانیہ ترجمان بن گئے ہیں، یہ میری سمجھ سے بالاتر ہے۔"


دراصل خبر رساں ایجنسی 'اے این آئی' نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں اس نے لکھا ہے کہ "بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) ہند-چین سرحد معاملہ پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ کھڑی ہے: بی ایس پی چیف مایاوتی)۔" اسی ٹوئٹ کا اسکرین شاٹ پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کیا ہے اور ساتھ میں اپوزیشن پارٹی کو اس بات کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا ہے کہ وہ ہندوستان کے ساتھ کھڑے ہونے کی جگہ کسی سیاسی پارٹی کے ساتھ کھڑی ہے۔

پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "اس وقت کسی سیاسی پارٹی کے ساتھ کھڑے ہونے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ ہر ہندوستانی کو ہندوستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا، ہماری سرزمین کی سالمیت کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ اور جو حکومت ملک کی سرزمین کو گنوا ڈالے، اس حکومت کے خلاف لڑنے کی ہمت بنانی پڑے گی۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Jun 2020, 10:10 PM