وجے دیوس کے موقع پر وزیر اعظم مودی کا شہدا کو خراج تحسین، سنہری مشعلیں روشن کیں

وزیر اعظم مودی نے شہدا کو یاد کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا، ’’وجے دیوس کے موقع پر ہمیں اپنی مسلح افواج کی ناقابل تسخیر ہمت یاد آتی ہے جس کے نتیجے میں 1971 کی جنگ میں ہماری قوم کی فیصلہ کن فتح ہوئی۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @narendramodi
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @narendramodi
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ملک آج 1971 کی جنگ میں ہندوستانی فوج کی پاک فوج پر فتح کو یاد کر رہا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی راجدھانی دہلی میں 1971 کی ہند و پاک جنگ کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ یہاں پر واقع نیشنل وار میموریل میں منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم مودی کے ساتھ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ بھی موجود رہے اور انہوں نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ اس کے علاوہ چیف آف ڈفنس اسٹاف بپن راوت اور تینوں افواج کے سربراہان بھی اس موقع پر موجود رہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے شہدا کو یاد کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا، ’’وجے دیوس کے موقع پر ہمیں اپنی مسلح افواج کی ناقابل تسخیر ہمت یاد آتی ہے جس کے نتیجے میں 1971 کی جنگ میں ہماری قوم کی فیصلہ کن فتح ہوئی۔ اس خصوصی وجے دیوس کے موقع پر میں نے نیشنل وار میموریل پر ’سنہری مشعلِ فتح‘ روشن کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔‘‘


واضح رہے کہ 16 دسمبر 1971 کو پاکستان کو شکست فاش ہوئی تھی اور بنگلہ دیش ایک نئے ملک کی حیثیت سے معرض وجود میں آیا۔ ہندوستان میں اس دن کو ہر سال ’وجے دیوس‘ (یومِ فتح) کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ہندوستان نے اس سال کو ’فتح کا سنہری سال‘ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس دوران سال بھر پورے ملک میں مختلف مقامات پر یہ تقریبات منعقد کی جائیں گی۔

ان پروگراموں کا آغاز آج نیشنل وارمیموریل پر منعقدہ تقریب سے ہوا، جس میں وزیر اعظم نریندر مودی وار میموریل کی ’اکھنڈ جیوتی‘ سے چار فتح کی مشعلیں روشن کیں۔ ان مشعلوں کو ملک کے مختلف حصوں میں پہنچایا جائے گا۔


راج ناتھ اور شاہ نے’ وجے دیوس‘ پر فوج کی بہادری کو سلام کیا

قبل ازیں، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی 1971 کی جنگ میں پاکستان پر تاریخی فتح کی یاد میں منائے جارہے ’وجے دیوس‘ کے موقع پر فوج کی بہادری کو سلام پش کیا۔ سنگھ نے بدھ کے روز اپنے پیغام میں کہا ’’ آج وجے دیوس کے موقع پر میں ہندوستانی فوج کی ہمت وجرأت کی روایت کو سلام پیش کرتا ہوں۔ میں یاد کرتا ہوں ان بہادر فوجیوں کی بہادری کو جنہوں نے 1971 کی جنگ میں بہادری کی ایک نئے کہانی لکھی۔ ان کی خودسپردگی اور قربانی تمام ہندوستانیوں کے لئے تحریک کا سرچشمہ ہے۔ یہ ملک انہیں ہمیشہ یاد رکھے گا‘‘۔

امت شاہ نے کہا ’’1971 میں آج ہی کے دن ہندوستانی فوج نے اپنی ہمت و جرأت کے ساتھ انسانی آزادی کے عالمی اقدار کا تحفظ کرنے کے ساتھ ساتھ دنیا کے نقشے پر ایک تاریخی بدلاؤ کیا ۔ تاریخ میں سنہری حروف کے ساتھ لکھی یہ بہادی کی کہانی ہر ہندوستانی کو فخر کا احساس دلاتی رہے گی ۔ وجے دیوس کی مبارکباد‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔