ششی تھرور عشائیے میں مدعو لیکن کھڑگے اور راہل نہیں، پون کھیڑا دعوت نامہ قبول کرنے پر تھرور پر حیران
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کو مدعو کیا گیا، لیکن کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کو پوتن کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے میں مدعو نہیں کیا گیا۔

روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے اعزاز میں جمعہ کی رات راشٹرپتی بھون میں ایک شاندار عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔ کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کو عشائیہ میں شرکت کے لیے مدعو کیا گیا ، اور انہوں نے شرکت بھی کی۔ تاہم راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے کو مدعو نہیں کیا گیا۔
کانگریس کے رکن پارلیمنٹ تھرورنے راشٹرپتی بھون میں پوتن کے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ میں شرکت کی۔ تھرور کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کیا جا رہا ہے، جس میں انہیں راشٹرپتی بھون میں وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن سے بات کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
تاہم کانگریس نے راہل گاندھی اور ملکارجن کھڑگے کو عشائیہ میں نہ بلائے جانے پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ کانگریس رہنما پون کھیڑا نے پوتن کے عشائیے میں تھرور کی دعوت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ حیران کن ہے کہ دعوت نامہ بھیجا گیا اور اسے قبول کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک کا ضمیر ہوتا ہے۔ "جب میرے لیڈر کو مدعو نہیں کیا جاتا ہے، لیکن مجھے مدعو کیا جاتا ہے، تو ہمیں سمجھنا چاہیے کہ کیا ہو رہا ہے، کون یہ کھیل کھیل رہا ہے، اور ہمیں اس کا حصہ کیوں نہیں بننا چاہیے۔"
اس سے قبل کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے کہا تھا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پوتن کے اعزاز میں عشائیہ میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے دعوت کی بنیاد کا علم نہیں لیکن میں ضرور جاؤں گا، یہ درست نہیں کہ اپوزیشن لیڈروں کو مدعو نہیں کیا گیا۔
اس سے ایک دن پہلے ہی کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے مرکزی حکومت پر الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ عام طور پر یہ رواج ہے کہ جو بھی باہر سے آتا ہے وہ اپوزیشن لیڈر سے ملتا ہے۔ ایسا واجپئی اور منموہن سنگھ کی حکومتوں میں ہوا کرتا تھا۔ لیکن آج کل جب بیرون ملک سے کوئی مہمان آتا ہے تو مرکزی حکومت انہیں اپوزیشن لیڈر سے ملاقات نہ کرنے کا مشورہ دیتی ہے۔