کیجریوال کی حلف برداری تقریب کے لئے زور شور سے تیاریاں، مودی کو بھی دعوت

اتوار کو ہونے والی حلف برداری تقریب کے لئے رام لیلا میدان پر تیاریاں زور شور سے جاری ہیں، تقریب میں شامل ہونے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کو مدعو کیا گیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی کے وزیراعلی اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال 16 فروری کو دہلی کے وزیر اعلی کے طور پر حلف لینے جا رہے ہیں۔ اتوار کو ہونے والی حلف برداری تقریب کے لئے رام لیلا میدان پر تیاریاں زور شور سے چل رہی ہیں اور اس تقریب میں شامل ہونے کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

عام آدمی پارٹی کے ایک عہدے دار نے بتایا کہ وزیر اعظم مودی کو حلف برداری تقریب میں شامل ہونے کے لئے خط بھیجا گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی کی طرف سے دہلی کے تمام سات ارکان پارلیمنٹ اور بی جے پی کے منتخب 8 ارکان اسمبلی کو بھی تقریب میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔


تاہم اس امر کی تصدیق نہیں ہو پائی ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی حلف برداری تقریبا میں شامل ہوں گے یا نہیں۔ واضح رہے کہ نریندر مودی 16 فروری کو اپنے پارلیمانی حلقے وارانسی کے دورے پر موجود رہیں گے۔ کیجریوال نے دہلی کے عوام سے بھی بڑی تعداد میں حلف برداری تقریب میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔

کیجریوال مسلسل تیسری بار وزیر اعلی کے عہدے کا حلف لیں گے۔ اس سے پہلے وہ 2013 اور 2015 میں وزیراعلی بنے تھے۔ عآپ کنوینر کیجریوال تیسری بار وزیراعلی عہدے کاحلف لینے پر سابق وزیر اعلی آنجہانی شیلا دکشت کی تین بار مسلسل دہلی کی وزیراعلی بننے کے ریکارڈ کی برابری کریں گے۔ آنجہانی شیلا دشکت 1998 سے 2013 تک مسلسل تین بار دہلی کی وزیر اعلی بنیں اور 15برسوں تک حکومت کی۔

ادھر، بابر پور اسمبلی سیٹ سے جیت حاصل کرنے والے عآپ کے دہلی کنوینر گوپال رائے سنیچر کے روز رام لیلا میدان پر حلف برداری تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لیں گے۔ گوپال رائے نے جمعرات کو کہا تھا کہ کیجریوال کی حلف برداری تقریب میں صرف دہلی کے لوگوں کو ہی مدعو کیا جائے گا اور کسی دیگر ریاست کے وزیر اعلی اور سیاسی پارٹیوں کے رہنماؤں کو دعوت نہیں دی گئی ہے۔

دہلی اسمبی انتخابات میں عام آدمی پارٹی کو زبردست اکثریت ملی ہے جس میں پارٹی نے 70 میں سے 62 سیٹوں پر جیت درج کی ہے۔کیجریوال کی وزیر اعلی کے طور پر یہ مسلسل تیسری مدت کار ہوگی۔ سال 2015 میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 67 سیٹیں حاصل کی تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔