یوپی کا 150 ٹن سرکاری راشن ہریانہ میں فروخت کرنے کی تھی تیاری، پولیس چھاپہ ماری میں تین کنٹینر اور تین ٹریکٹر ضبط

چھاپہ ماری کے دوران موجود ایس ڈی ایم رویندر سنگھ اور سی او صدر روی سنگھ نے بتایا کہ جو اناج پکڑا گیا ہے، وہ غریبوں کو دیا جانے والا اناج ہے، اسے آس پاس کے اضلاع سے لا کر حمیر پور میں جمع کیا گیا ہے۔

علامتی تصویر، سوشل میڈیا
علامتی تصویر، سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

اتر پردیش کے سرکاری راشن کو کسی طرح ہریانہ میں بھیجنے اور وہاں فروخت کرنے کی تیاری چل رہی تھی، لیکن اس منصوبہ کو پولیس نے ناکام کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کے حمیر پور واقع سمیرپور علاقہ میں پولیس اور انتظامیہ نے گزشتہ شب چھاپہ ماری کر سرکاری راشن سے بھرے دو گوداموں کو سیل کر دیا ہے۔ ان گوداموں سے کنٹینر میں بھر کر سرکاری اناج دوسری ریاستوں کے لیے نکلنے والا تھا۔ پولیس نے سرکاری اناج سے بھرے تین کنٹینر اور تین ٹریکٹر کو ضبط بھی کر لیا ہے۔ ساتھ ہی گودام کے مالک کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔

’آج تک‘ پر شائع رپورٹ کے مطابق پولیس اور انتظامیہ کی یہ کارروائی سمیرپور تھانہ حلقہ کے فیکٹری ایریا میں ہوئی ہے۔ انتظامیہ کو خبر ملی تھی کہ فیکٹری ایریا کے دو گوداموں میں غیر قانونی طریقے سے سرکاری اناج کا ذخیرہ کیا جا رہا ہے، جس کی سپلائی دیگر ریاستوں میں کی جاتی ہے۔ مخبر کی خبر پر جب صدر ایس ڈی ایم نے پولیس کے ساتھ چھاپہ ماری کی تو دونوں گودام سرکاری اناج سے بھرے ملے۔ رات میں کنٹینروں میں بھر کر سرکاری گیہوں اور چاول ہریانہ جانے کے لیے تیار رکھا ہوا تھا۔


چھاپہ ماری کے دوران موجود ایس ڈی ایم رویندر سنگھ اور سی او صدر روی سنگھ نے بتایا کہ جو اناج پکڑا گیا ہے، وہ غریبوں کو دیا جانے والا اناج ہے۔ اسے آس پاس کے اضلاع سے لا کر یہاں اکٹھا کیا جاتا ہے، اور پھر اس کے بعد دیگر ریاستوں میں سپلائی کر دیا جاتا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ دو گوداموں میں جو سرکاری راشن پکڑا گیا ہے، وہ تقریباً 150 ٹن کے آس پاس ہے۔ فی الحال محکمہ فوڈ کو اس کی اطلاع دے کر گوداموں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ جلد ہی آگے کی کارروائی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔