پرنب مکھرجی کی طبیعت مزید خراب، گردے کی حالت ٹھیک نہیں

آرمی اسپتال کے ذریعہ جاری ہیلتھ بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ سابق صدر جمہوریہ گزشتہ 17 دنوں سے اسپتال میں داخل ہیں اور برین سرجری کے بعد لگاتار سنگین حالت سے گزر رہے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

سابق صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی کی حالت مزید خراب ہو گئی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق منگل سے ہی ان کا گردا ٹھیک طرح سے کام نہیں کر رہا ہے جس کا علاج ڈاکٹروں کے ذریعہ جاری ہے۔ آرمی ریسرچ اینڈ ریفرل اسپتال نے ان کی صحت سے متعلق جو تازہ ہیلتھ بلیٹن جاری کیا ہے، اس میں بھی اس بات کی جانکاری دی گئی ہے کہ طبیعت مزید خراب ہوئی ہے اور وہ ڈاکٹروں کی سخت نگرانی میں ہیں۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ پرنب مکھرجی گہرے قومہ میں چلے گئے ہیں اور لگاتار وینٹی لیٹر سپورٹ پر ہیں۔ اسپتال کے ذریعہ جاری ہیلتھ بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ سابق صدر جمہوریہ گزشتہ 17 دنوں سے اسپتال میں داخل ہیں اور برین سرجری کے بعد لگاتار سنگین حالت سے گزر رہے ہیں۔


اسپتال کے افسروں کا کہنا ہے کہ پرنب مکھرجی کے پھیپھڑوں میں انفیکشن ہو گیا ہے جس کا علاج کیا جا رہا ہے، ساتھ ہی گردے کی حالت بھی ٹھیک نہیں ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ان کی حالت 'ہیموڈائنامیکلی' بنی ہوئی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پرنب مکھرجی کا دل ٹھیک طرح سے کام کر رہا ہے اور جسم میں خون کی روانی بھی معمول پر ہے۔ دراصل گردے کی تکلیف اور پھیپھڑے میں انفیکشن نے پرنب مکھرجی کی حالت کو سنگین بنا دیا ہے۔

واضح رہے کہ اسپتال میں علاج کے دوران پچھلے ہفتے ہی پرنب مکھرجی کے پھیپھڑوں میں انفیکشن کی بات سامنے آئی تھی، جس کے بعد ان کی حالت زیادہ خراب ہو گئی ہے۔ اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی ایک ٹیم ان کی نگرانی کر رہی ہے۔ ویسے پرنب مکھرجی 10 اگست کی دوپہر برین سرجری کے بعد سے ہی قومہ میں ہیں اور ان کے چاہنے والے لگاتار صحت میں بہتری کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Aug 2020, 4:30 PM