ریونّا ایک ’ماس ریپسٹ‘، اس کے لیے پی ایم مودی نے مانگا ووٹ، بی جے پی کو ملک کی ہر خاتون سے معافی مانگنی چاہیے: راہل گاندھی

راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ کرناٹک کی خواتین سے جب وزیر اعظم ووٹ دینے کی اپیل کریں تو انھیں یہ بھی جاننا چاہیے کہ پرجول ریونّا نے کیا حرکت کی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / آئی اے این ایس</p></div>

راہل گاندھی / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے جمعرات کو کرناٹک کے شیوموگا میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے ہاسن پارلیمانی سیٹ سے این ڈی اے امیدوار پرجول ریونّا کے سیکس اسکینڈل پر بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ کرناٹک میں اسٹیج سے وزیر اعظم اس ’ماس ریپسٹ‘ (بڑے پیمانہ پر زنا کرنے والا) کی حمایت کر رہے تھے، اس کے لیے ووٹ مانگ رہے تھے۔ نریندر مودی، امت شاہ اور بی جے پی کے سبھی لیڈر کو اس گناہ کے لیے ملک کی ہر خاتون سے معافی مانگنی چاہیے۔

شیوموگا میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے وزیر اعظم مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انھیں ہندوستان کی خواتین سے ایک ’حد درجہ کے بدکار‘ کی حمایت میں ووٹ کی اپیل کرنے پر معافی مانگنی چاہیے۔ انھوں نے الزام عائد کیا کہ کرناٹک کی ہاسن لوک سبھا سیٹ سے موجودہ رکن پارلیمنٹ اور جے ڈی ایس لیڈر پرجول ریونّا نے 400 خواتین کے ساتھ زنا کیا ہے۔ انھوں نے ساتھ ہی وزیر اعظم مودی سے بھی اس بات کے لیے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا کہ انھوں نے عوام سے ریونّا کی حمایت میں ووٹ ڈالنے کی اپیل کی۔


راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کو ملک کی ماؤں اور بہنوں سے معافی مانگنی چاہیے۔ ریونّا نے 400 خواتین کے ساتھ زنا کیا ہے اور ان کی ویڈیو بنائی ہے۔ یہ سیکس اسکینڈل نہیں ہے، بلکہ ’ماس ریپ‘ ہے۔ راہل گاندھی کہتے ہیں کہ ’’جو ریونّا نے کیا وہ سیکس اسکینڈل نہیں ’ماس ریپ‘ ہے۔ کرناٹک میں اسٹیج سے وزیر اعظم اس ماس ریپسٹ کی حمایت کر رہے تھے، اس کے لیے ووٹ مانگ رہے تھے۔ نریندر مودی، امت شاہ اور بی جے پی کے ہر لیڈر کو اس گناہ کے لیے ملک کی ہر خاتون سے ہاتھ جوڑ کر، سر جھکا کر معافی مانگنی چاہیے۔ ماس ریپسٹ کو ہندوستان سے بھاگنے دیں گے، یہ ہے مودی کی گارنٹی!‘‘

راہل گاندھی پی ایم مودی پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے یہ بھی کہتے ہیں کہ کرناٹک کی سبھی خواتین سے وزیر اعظم جب ووٹ دینے کو کہیں تو انھیں جاننا چاہیے کہ پرجول ریونّا نے کیا حرکت کی ہے۔ وزیر اعظم نے کرناٹک میں اسٹیج سے ایک حد درجہ کے بدکار کی حمایت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کے ہر لیڈر کو پتہ تھا کہ پرجول بدکار ہے اور اس کے باوجود اس کی حمایت کی اور جے ڈی ایس کے ساتھ اتحاد کیا۔ راہل کہتے ہیں کہ ’’پوری دنیا میں خبر ہے کہ وزیر اعظم نے حد درجہ کے بدکار کی حمایت میں ووٹنگ کی اپیل کی۔ یہ بی جے پی کا نظریہ ہے۔ وہ اتحاد کرنے کے لیے تیار رہتے ہیں اور اقتدار کے لیے سب کچھ کرتے ہیں۔‘‘


واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم اور جے ڈی ایس کے سرکردہ لیڈر ایچ ڈی دیوگوڑا کے پوتے پرجول ریونّا خواتین کے ساتھ جنسی استحصال کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ریاستی حکومت نے اس پورے معاملے کی جانچ کرانے کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دے دی ہے۔ ہاسن سے رکن پارلیمنٹ 33 سالہ ریونّا کی کئی فحش ویڈیوز حال کے دنوں میں وائرل ہوئی ہیں۔ اس معاملہ کے سامنے آتے ہی ریونّا ملک چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں۔ ہاسن لوک سبھا سیٹ سے ریونّا این ڈی اے امیدوار ہیں جہاں پر 26 اپریل کو ووٹنگ ہوئی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔