سیاسی ہلچل: گہلوت راجستھان کے نئے وزیر اعلیٰ، پائلٹ ہوں گے نائب وزیر اعلیٰ

کانگریس پارٹی کی طرف سے اعلان کیا گیا ہے کہ راجستھان کے نئے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت ہوں گے جبکہ پائلٹ کو نائب وزیر اعلیٰ بنانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

تصویر / <a href="https://twitter.com/INCIndia">@INCIndia</a>
تصویر / @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

14 Dec 2018, 4:26 PM

گہلوت راجستھان کے نئے وزیر اعلیٰ، پائلٹ ہوں گے نائب وزیر اعلیٰ

کانگریس کے جنرل سکریٹری اشوک گہلوت تیسر ی مرتبہ راجستھان کے وزیر اعلی بنیں گے اور راجستھان ریاستی کانگریس کے صدر سچن پائلٹ نائب وزیر اعلی ہوں گے۔

راجستھان اسمبلی انتخابات کے کانگریس کو کامیابی ملنے کے بعد وہاں وزیر اعلی بنانے کے سلسلے میں دو دن تک جاری غوروخوض اور تبادلہ خیال کے بعد کانگریس صدر راہل گاندھی نے گہلوت اور پائلٹ کے نام پر مہر لگادی۔ راجستھان کانگریس کے مبصر کے سی وینو گوپال نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں گہلوت کے نئے وزیر اعلی کے طور پر نام کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پائلٹ ریاست کے نائب وزیر اعلی ہوں گے۔

اسمبلی الیکشن میں گہلوت سردار پورا سے اور پائلٹ ٹونک سے کامیاب ہوئے ہیں۔ گہلوت 1998 سے 2003 تک اور 2008سے 2011 تک ریاست کے وزیر اعلی رہ چکے ہیں جب کہ پائلٹ مرکز میں وزیر رہ چکے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان ہونے کے بعد اشوک گہلوت نے کہا، ’’وزیر اعلی کے عہدے پر فائز کئے جانے کے لئے میں راہل گاندھی اور نئے ارکان اسمبلی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ ریاست کے کسانوں کا قرض ہم معاف کریں گے۔ نوجوانوں کو نوکری ملے گی۔ راجستھان کے عوام کو ہم ایک بہتر حکومت دیں گے۔

ادھر سچن پائلٹ نے نائب وزیر اعلیٰ بنائے جانے پر راہل گاندھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کی امیدوں پر کھرا اترنے کی کوشش کریں گے۔

14 Dec 2018, 4:10 PM

مدھیہ پردیش: سابق بی جے پی وزیر نے ووٹ نہ دینے والوں کو دی دھمکی

مدھیہ پردیش انتخابات میں بی جے پی کو شکست ہاتھ لگی ہے اور 15 سال بعد کانگریس یہاں حکومت سازی کے لیے قدم بڑھا چکی ہے۔ اس انتخاب میں شیو راج سنگھ چوہان حکومت میں وزیر رہی ارچنا چٹنیس کو برہان پور میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اپنی شکست کے بعد ارچنا کافی مایوس نظر آئیں اور گزشتہ روز انھوں نے کچھ ایسا کہہ دیا جس نے ہر کسی کو حیران کر دیا۔ وہ عام جلسہ کے دوران کھلے عام یہ دھمکی دیتی ہوئی نظر آئیں کہ وہ ووٹ نہ دینے والوں کو رُلائیں گی۔ برہان پور اسمبلی حلقہ میں ارچنا آزاد امیدوار پرتیاشی ٹھاکر سریندر سنگھ سے 5120 ووٹوں سے شکست کھا چکی ہیں۔

شکست کے بعد ارچنا چٹنس کا ایک ویڈیو کافی وائرل ہو رہا ہے اس ویڈیو میں وہ کہہ رہی ہیں کہ ’’جو کمال میں نے اقتدار میں رہ کر کیا ہے ویسا ہی کردار میں اقتدار سے باہر رہ کر بھی بہت خوبصورتی سے نبھاؤں گی۔ جن لوگوں نے مجھے ووٹ دیا ان کا سر جھکنے نہیں دوں گی اور جن لوگوں نے غلطی میں یا کسی کے ورغلانے کی وجہ سے یا پھر خوف سے مجھے ووٹ نہیں دیا تو ان کو اگر میں نے رلا نہ دیا تو میرا نام ارچنا چٹنس نہیں۔‘‘ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ووٹ نہ دینے والے لوگ پچھتائیں گے۔

14 Dec 2018, 3:07 PM

راہل نے گہلوت اور پائلٹ کو بتایا راجستھان کا رنگ

راجستھان کے نئے وزیر اعلیٰ کا فیصلہ لینے سے پہلے راہل گاندھی نے اشوک گہلوت اور سچن پائلٹ کے ساتھ کھینچی گئی ایک تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی ہے۔ تصویر میں راہل گاندھی اور دونوں کانگریس کے رہنما ہنستے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

اس تصویر کو شیئر کرتے وہئے راہل گاندھی نے لکھا ہے، ’’یہ ہے راجستھان کے اتحاد کا رنگ۔‘‘ امید کی جا رہی ہے کہ کچھ ہی دیر میں راجستھان کے وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔


14 Dec 2018, 2:06 PM

مدھیہ پردیش کے عوام کا شکر گزار ہوں: کمل ناتھ

مدھیہ پردیش کے سی ایم الیکٹ کمل ناتھ نے کہا، ’’میں عوام کا شکر گزار ہوں، ہمیں پوری امید ہے کہ ہم عام لوگوں اور کانگریس سے وابستہ لوگوں کے توقعات پر کھرے اتریں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ شعبہ زراعت اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے پر ہم خاص توجہ دیں گے۔

14 Dec 2018, 1:04 PM

بی جے پی گمراہی پھیلا رہی ہے، وزیر اعلیٰ چننے میں کوئی تاخیر نہیں ہو رہی: گہلوت

راجستھان کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے بی جے پی کے ذریعہ پھیلائی جا رہی اس گمراہی پر سخت ناراضگی ظاہر کی کہ ریاست میں وزیر اعلیٰ چننے کو لے کر تاخیر ہو رہی ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ’’فیصلے میں کوئی تاخیر نہیں ہو رہی۔ بی جے پی جھوٹ کو فروغ دے رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کرنے کے لیے بی جے پی نے اتر پردیش میں سات اور مہاراشٹر میں 9 دن کا وقت لگایا تھا۔‘‘ اشوک گہلوت نے مزید کہا کہ ’’آبزرور تبادلہ خیال کے لیے ریاست پہنچے ہیں اور وزیر اعلیٰ کے انتخاب میں وقت کچھ وقت درکار ہے۔‘‘


14 Dec 2018, 12:08 PM

میزورم: پہلی بار عیسائی رسم و رواج سے ہوگی حلف برداری تقریب

میزورم میں اکثریت حاصل کرنے والی پارٹی ایم این ایف (میزو نیشنل فرنٹ) 14 دسمبر یعنی جمعہ کو حلف برداری تقریب کے ساتھ ہی برسراقتدار ہو جائے گی۔ ایم این ایف کے سربراہ جورام تھانگا میزورم کے نئے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف برداری کریں گے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ریاست میں پہلی بار عیسائی رسم و رواج کے ساتھ نئی حکومت کی حلف برداری تقریب منعقد ہوگی۔

14 Dec 2018, 11:09 AM

ٹی راما راؤ ٹی آر ایس کے کارگزار صدر منتخب

تلنگانہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) کے صدر اور وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راؤ نے سریسیلا کی رکن اسمبلی کلواکنتلا تراکا راما راؤ کو ٹی آر ایس کا کارگزار صدر منتخب کیا ہے۔


14 Dec 2018, 10:04 AM

مدھیہ پردیش: کمل ناتھ وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف 17 دسمبر کو لیں گے

کانگریس کے سینئر لیڈر کمل ناتھ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لینے کی تیاریوں میں مصروف ہو گئے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق وہ 17 دسمبر کو لال پریڈ گراؤنڈ بھوپال میں حلف لیں گے اور اس موقع پر کانگریس کے کئی سرکردہ لیڈران موجود رہیں گے۔

14 Dec 2018, 8:56 AM

وزیر اعلیٰ بنائے جانے کے بعد کمل ناتھ نے سندھیا کا شکریہ ادا کیا

مدھیہ پردیش میں کانگریس کے وزیر اعلیٰ عہدہ پر جمعرات کو خوب ڈرامہ ہوا۔ دن بھر چلی دماغی ورزش کے بعد کمل ناتھ کو ریاست کا وزیر اعلیٰ منتخب کیا گیا یعنی کانگریس نے ’جوش‘ پر ’تجربہ‘ کو ترجیح دی۔ وزیر اعلیٰ عہدہ کے لیے نام کا باضابطہ اعلان کے بعد کمل ناتھ نے خوشی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ عہدہ ان کے لیے میل کا پتھر ہے اور آنے والا وقت چیلنجز سے بھرا ہوگا۔ اس موقع پر کمل ناتھ نے خصوصی طور پر وزیر اعلیٰ کی ریس میں شامل جیوترادتیہ سندھیا کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کی حمایت سے یہ ممکن ہو سکا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اب ہم ایک نئی شروعات کریں گے اور ریاست کو ترقی کی راہ پر لے جائیں گے۔‘‘ خصوصی ذرائع سے ملی اطلاعات کے مطابق کمل ناتھ آج صبح 10.30 بجے گورنر سے ملاقات کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔