آخر سامنے آ ہی گیا سوشانت کیس کا سیاسی کنکشن، بی جے پی کے پوسٹر پر اٹھی انگلی

اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی موت کی جانچ بھلے ہی سی بی آئی کر رہی ہے، لیکن اس کا سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش جم کر کی جا رہی ہے۔ اس درمیان سوشانت کیس کا سیاسی کنکشن بھی ابھر کر سامنے آ گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ کی موت کا معاملہ دن بہ دن طول پکڑتا جا رہا ہے۔ روزانہ نئے نئے انکشافات ہو رہے ہیں اور اب تو ریا چکرورتی کے بھائی شووک چکرورتی اور سیموئل نامی شخص کی گرفتاری بھی ڈرگس کنکشن کو مدنظر رکھتے ہوئے عمل میں آ چکی ہے۔ سی بی آئی اس موت سے جڑی ہر بات کو پتہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن اس درمیان کیس پر سیاست بھی جاری ہے۔ سوشانت کیس میں جس طرح سیاسی پارٹیوں کی بیان بازی ہو رہی ہے، اس سے تو شک پہلے ہی پیدا ہو چکا تھا، اور اب اس پر خود برسراقتدار بی جے پی نے مہر لگا دی ہے۔ بہار بی جے پی نے سوشانت سنگھ کی تصویر والے اسٹیکر اور ماسک بنا کر تقسیم کرنا شروع کر دیا ہے۔ اس میں لکھا ہے "نہ بھولے ہیں، نہ بھولنے دیں گے"۔

یعنی اب یہ طے ہو گیا ہے کہ بہار اسمبلی انتخاب میں سوشانت سنگھ راجپوت کیس کا ایشو حاوی رہنے والا ہے۔ بی جے پی کے آرٹ کلچر محکمہ کے بہار کنوینر ورون کمار سنگھ نے واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ "نہ بھولے ہیں، نہ بھولنے دیں گے۔" انھوں نے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے اس کے اوپر لکھا ہے 'جسٹس فار سوشانت'۔ ورون سنگھ کا کہنا ہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت کو انصاف دلانے کے لیے وہ گزشتہ دو مہینے سے زیادہ وقت سے مہم چلا رہے ہیں۔ اس مہم میں کرنی سینا بھی شامل ہے اور اس نے بھی اسٹیکر اور ماسک بنا کر لوگوں میں تقسیم کیا ہے۔


ورون کمار سنگھ نے ایک پوسٹر بھی جاری کیا ہے جس میں سوشانت سنگھ راجپوت کی تصویر کے اوپر 'جسٹس فار سوشانت' لکھا ہے اور نیچے لکھا ہے 'نہ بھولے ہیں، نہ بھولنے دیں گے'۔ اس تصویر پر بی جے پی کا انتخابی نشان بھی ہے جس کے نیچے لکھا ہے 'آرٹ اینڈ کلچر محکمہ، بی جے پی، ریاست بہار'۔

حالانکہ بی جے پی کے ریاستی صدر سنجے جیسوال کا کہنا ہے کہ بی جے پی سوشانت سنگھ راجپوت معاملے کی غیرجانبدارانہ جانچ چاہتی تھی۔ سی بی آئی اب اس معاملے کی جانچ کر رہی ہے، پھر اسے انتخابی ایشو بنانے کا کیا مطلب ہے۔


دھیان رہے کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بھی کہا تھا کہ سوشانت کی فیملی کو انصاف دلانے میں مدد کریں گے اور اس کے بعد سے ہی سوشانت کیس میں سی بی آئی نے ہاتھ ڈالا تھا۔ سی بی آئی کے ذریعہ سوشانت کیس کی جانچ شروع کرنے کے بعد ہی اس معاملے کو کافی اچھال ملا اور تبھی سے یہ معاملہ میڈیا میں چھایا ہوا ہے۔ بی جے پی بھی اس موقع سے بہار اسمبلی انتخاب میں فائدہ اٹھانا چاہتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔