بہار: آرہ میں بابا صاحب امبیڈکر کی مورتی ٹوٹنے پر ہنگامہ، پولس جانچ شروع

آرہ کے کلکٹریٹ بلڈنگ موڑ کے نزدیک تقریباً دو دہائی قبل ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی آدم قد مورتی نصب کی گئی تھی۔ اس مجسمے کی گھیرابندی بھی کرائی گئی تھی، لیکن اس کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

ریاست بہار کے آرہ واقع کلکٹریٹ بلڈنگ موڑ پر نصب بابا صاحب امبیڈکر کی مورتی کو جمعرات کی شب شر پسند عناصر کے ذریعہ مبینہ طور پر نقصان پہنچائے جانے کے بعد علاقے میں ماحول کشیدہ ہو گیا ہے۔ 13 نومبر کی صبح جب بابا صاحب کے مجسمہ کے ہاتھ کا پنجہ ٹوٹا ہوا کسی نے دیکھا تو یہ خبر تیزی کے ساتھ علاقے میں پھیل گئی اور وہاں پر لوگوں کی بھیڑ اکٹھا ہونے لگی۔ کچھ ہی دیر میں سی پی آئی (ایم ایل) اور درج فہرست ذات و قبائل سے جڑے لوگوں نے ہنگامہ و مظاہرہ کرنا شروع کر دیا۔

اس واقعہ کی اطلاع جب پولس کو ملی تو حالات کا جائزہ لینے کے لیے ایک ٹیم فوری طور پر کلکٹریٹ بلڈنگ موڑ پر پہنچی۔ پولس نے پہلے تو ہنگامہ کر رہے لوگوں کو خاموش کرایا اور پھر بابا صاحب کے مجسمہ کا معائنہ کیا۔ اس وقت مہاگٹھ بندھن امیدوار قیام الدین انصاری بھی موجود تھے جنھوں نے اس واقعہ کو بابا صاحب کی مورتی پر حملہ قرار دیا اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔ قیام الدین انصاری نے ساتھ ہی کہا کہ مورتی کی جلد از جلد مرمت کرائی جانی چاہیے تاکہ لوگوں کی ناراضگی دور ہو۔


کچھ میڈیا ذرائع میں آ رہی خبروں کے مطابق مقامی انتظامیہ نے شروعاتی جانچ بتایا ہے کہ لوہے کے راڈ میں زنگ لگنے کی وجہ سے غالباً پلاسٹر گرگیا اور ہاتھ کا پنجہ ٹوٹ گیا۔ لیکن اس سلسلے میں کچھ بھی مصدقہ طور پر نہیں بتایا گیا ہے اور مزید جانچ کیے جانے کی بات پولس و انتظامیہ کے ذریعہ کہی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ آرہ کے کلکٹریٹ بلڈنگ موڑ کے قریب تقریباً دو دہائی قبل ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی آدم قد مورتی نصب کی گئی تھی۔ سیکورٹی کا خیال رکھتے ہوئے اس مجسمے کی گھیرابندی بھی کرائی گئی تھی، لیکن اس کا دروازہ ہمیشہ کھلا رہتا ہے جس کی وجہ سے بسا اوقات شرارتی عناصر کا آنا جانا اس گھیرے میں لگا رہتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔