چندن مشرا قتل معاملے سے جڑے مجرمین کے ساتھ پولیس کا تصادم، دو بدمعاشوں کو لگی گولی، 3 دیگر بھی گرفتار
منگل کی صبح بھوجپور کے بہیا-کٹیا پتھ پر پولیس اور جرائم پیشہ عناصر میں تصادم ہوا۔ ابتدائی پوچھ تاچھ میں سبھی مجرموں کے تار پٹنہ میں ہوئے چندن مشرا قتل سے جڑے پائے گئے ہیں۔

بہار کے بھوجپور ضلع سے بڑی خبر سامنے آئی ہے۔ پٹنہ کے مشہور گینگسٹر چندن مشرا قتل معاملے میں شامل جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ منگل کی صبح پولیس کا تصادم ہوا۔ یہ تصادم بہیا تھانہ علاقہ میں ہوا۔ پولیس اور ایس ٹی ایف کی ٹیم نے جرائم پیشہ عناصر کو گھیر لیا، اس پر ادھر سے فائرنگ شروع ہو گئی۔ جوابی فائرنگ کرتے ہوئے پولیس نے دو بدمعاشوں کو گولی مار کر زخمی کر دیا، جبکہ دیگر تین کو گرفتار کر لیا۔
موصولہ اطلاع کے مطابق یہ تصادم صبح 5:45 بجے بہیا-کٹیا پتھ پر ایک ندی کے پاس ہوا۔ تصادم میں زخمی بلونت کمار (22) اور روی رنجن سنگھ (20) کو بہیا اسپتال میں لایا گیا جہاں سے انہیں بہتر علاج کے لیے صدر اسپتال ریفر کر دیا گیا۔ بلونت کو ہاتھ اور پیر میں جبکہ روی رنجن کو جانگھ میں گولی لگی ہے۔
پولیس کی ابتدائی پوچھ تاچھ میں سامنے آیا ہے کہ ان سبھی کے تار پٹنہ میں ہوئے چندن مشرا قتل سے جڑے ہیں۔ پولیس نے ان کے پاس سے ایک دیسی کٹہ اورایک پستول بھی برآمد کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق چندن مشرا قتل معاملے میں بلونت کا اہم کردار رہا ہے۔ وہ شوٹروں کو لے کر پارس اسپتال پہنچا تھا اور مغربی بنگال کے پرولیا جیل میں بند گینگسٹر شیرو سنگھ کے ساتھ رابطہ میں تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ بلونت نے ہی توصیف عرف بادشاہ سمیت دیگر کو 10 پستول مہیا کرایا تھا اور 5 شوٹروں کو شیرو کے کہنے پر بلایا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ چندن مشرا قتل معاملے میں اب تک کئی ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ کچھ وقت پہلے ہی پولیس نے اس کیس سے جڑے کچھ ملزمین کو کولکاتا سے گرفتار کیا تھا۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ملزمین کی گرفتاری اور اسلحہ کی برآمدگی ایک بڑی کامیابی ہے اور جلد ہی قتل معاملے کے پیچھے کی پوری سازش کو منظر عام پر لایا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔