پی این بی گھوٹالہ: میہل چوکسی نے ویڈیو پیغام میں خود کو بتایا بے قصور

ملک سے فرار کاروباری میہل چوکسی نے ایک ویڈیو پیغام کے ذریعہ اپنے اوپر لگے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے غیر قانونی طریقے سے ان کی ملکیت پر قبضہ کیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پنجاب نیشنل بینک میں 14 ہزار کروڑ روپے کے گھوٹالہ کے ملزم اور گیتانجلی جیمس کے پرموٹر میہل چوکسی نے منگل کو ایک ویڈیو کے ذریعہ اپنی صفائی پیش کی ہے۔ ویڈیو میں میہل چوکسی نے اپنے خلاف لگے سبھی الزامات کو خارج کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اور سی بی آئی کے ذریعہ لگائے گئے سبھی الزامات بے بنیاد ہیں۔‘‘

ملک سے بھاگنے کے بعد وہ پہلی بار میڈیا کے سامنے آئے ہیں۔ انٹگوا سے جاری ویڈیو میں میہل چوکسی نے کہا کہ میری ملکیت غلط طریقے سے ضبط کی گئی ہے اور بغیر کسی وجہ میرا پاسپورٹ رَد کیا گیا ہے۔

میہل چوکسی نے ایک دیگر ویڈیو میں کہا کہ پاسپورٹ اتھارٹی نے میرے پاسپورٹ کو منسوخ کر دیا ہے۔ 16 فروری کو مجھے ایک ای-میل ملا جس میں کہا گیا کہ ہندوستان کو خطرے کی وجہ سے میرا پاسپورٹ منسوخ کیا گیا ہے۔ میہل چوکسی نے کہا کہ اس کے بعد 28 فروری کو انھوں نے پاسپورٹ آفس کو ای-میل کیا جس میں لکھا کہ پاسپورٹ کی منسوخی کو واپس لیا جائے۔ انھوں نے مزید کہا کہ انھیں ابھی تک پاسپورٹ آفس کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔

اس سے قبل چوکسی نے کہا تھا کہ وہ ہندوستان نہیں آ سکتے کیونکہ یہاں جس طرح سے موب لنچنگ کا ماحول ہے، اس کی وجہ سے انھیں اپنے قتل کا خوف ہے۔ بتا دیں کہ جانچ کے لیے پیش ہونے کو سی بی آئی نے چوکسی کو نوٹس بھیجا تھا۔ تقریباً 14 ہزار کروڑ کے پی این بی گھوٹالے میں نیرو مودی اور ان کے ماما میہل چوکسی اہم ملزم ہیں۔ نیرو مودی اور میہل چوکسی دونوں فرار ہیں۔ نیرو کے خلاف انٹرپول نے ریڈ کارنر نوٹس جاری کر دیا ہے جب کہ میہل کے خلاف نوٹس جاری کرنے کا عمل چل رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔