پی ایم مودی کے چھٹھ پوجا میں نہ پہنچنے سے دہلی کے پوروانچلی بھائی بہنوں کی دل آزاری ہوئی: دیویندر یادو

دیویندر یادو نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا یہ بیان کہ ’ایسا چھٹھ تہوار پہلے کبھی نہیں ہوا‘ حقیقت بن گیا، کیونکہ صرف واسودیو گھاٹ پر پوری حکومت انتظام میں لگی ہوئی تھی، جہاں پی ایم مودی کے آنے کی امید تھی۔

<div class="paragraphs"><p>دیویندر یادو چھٹھ پوجا کے دوران</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم نریندر مودی کے چھٹھ پوجا میں نہ پہنچنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ کشمیری گیٹ واقع جمنا کے واسودیو گھاٹ پر چھٹھ پوجا میں پی ایم مودی کے نہ پہنچنے سے یہ بات صاف ہو گئی کہ بی جے پی اور وزیر اعظم کو دہلی کے پوروانچل بھائی بہنوں سے کوئی لگاؤ نہیں ہے۔ راجدھانی میں ناقابلِ برداشت فضائی اور آبی آلودگی کے باوجود چھٹھ کے عقیدت مند پی ایم مودی کے آنے کا انتظار کرتے رہے، لیکن دہلی حکومت کی جانب سے کیے گئے تمام خصوصی انتظامات بے کار ثابت ہوئے۔ مودی جی نے پوروانچل کے لاکھوں عقیدت مندوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ذاتی طور پر شریک نہ ہو کر صرف چھٹھ کی مبارکباد دینا کافی سمجھا۔

دیویندر یادو آج صبح بہار جن جاگرن سمیتی، بادلی میں منعقد چھٹھ مہاپرو کے پروگرام میں شامل ہوئے، جہاں ہزاروں عقیدت مندوں نے طلوع ہوتے سورج کو ’اَرگھیہ‘ دیا۔ اس موقع پر انہوں نے سوال کیا کہ واسودیو گھاٹ پر مودی کا نہ پہنچنا کہیں بہار میں بی جے پی کی ممکنہ ہار کا اشارہ تو نہیں؟ دہلی کی بی جے پی حکومت کا بہار اسمبلی انتخابات کے پیشِ نظر پوروانچل ووٹروں کو متاثر کرنے کا سیاسی حربہ الٹا پڑ گیا۔ دہلی کا پوروانچل طبقہ ریکھا گپتا حکومت سے ناراض دکھائی دے رہا ہے کیونکہ انہیں آلودہ جمنا کے گندے پانی میں چھٹھ پوجا کے تمام رسوم ادا کرنے پر مجبور ہونا پڑا۔


کانگریس لیڈر نے کہا کہ وزیراعلیٰ ریکھا گپتا، ان کے کابینی وزراء اور بی جے پی رہنماؤں نے چھٹھ پوجا کی تیاریوں کے نام پر صرف تصویریں کھنچوانے اور اپنی شبیہ بنانے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ وزیراعلیٰ اور میئر دونوں نے بی جے پی کارکنان کے ساتھ زمینی سطح پر کوئی کام نہیں کیا بلکہ صرف سیاسی رسمی کارروائیاں نبھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہلی کانگریس نے مسلسل یہ مسئلہ اٹھایا کہ جمنا کے گھاٹوں پر چھٹھ پوجا کرنے والے پوروانچلی عقیدت مندوں کو صاف پانی، خیموں اور بجلی کی سہولت میسر نہیں۔ لیکن ریکھا گپتا حکومت نے چند جگہ دکھاوے کے لیے صفائی کرائی، باقی جگہوں پر لوگ حکومت کی مدد کے منتظر رہے۔ وزیر اعلیٰ اور وزراء صرف میڈیا کے کیمروں کے سامنے اپنی جھوٹی کامیابیاں شمار کراتے رہے۔

دیویندر یادو نے الزام لگایا کہ چھٹھ پوجا کے بعد بھی بی جے پی کی ’نوٹنکی‘ ختم نہیں ہوئی۔ دہلی بی جے پی صدر ویریندر سچدیوا اور میئر راجہ اقبال سنگھ نے آئی ٹی او جمنا کنارے صفائی کا ڈھونگ رچایا۔ بی جے پی رہنماؤں کے اس سیاسی تماشے نے دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) میں صفائی اہلکاروں کی شدید کمی کو بے نقاب کر دیا۔ پچھلے کئی برسوں سے کارپوریشن میں ہزاروں خالی عہدے نہیں بھرے گئے۔


دیویندر یادو نے بتایا کہ صفائی مہم، جس میں وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا اور دیگر بی جے پی رہنما بھی شامل تھے، محض ایک سیاسی چال تھی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کا یہ بیان کہ ’’ایسا چھٹھ تہوار پہلے کبھی نہیں ہوا‘‘ حقیقت بن گیا، کیونکہ صرف ایک واسودیو گھاٹ پر پوری حکومت انتظام میں لگی ہوئی تھی، جہاں وزیر اعظم مودی کے آنے کی امید تھی۔ ایک گھاٹ کے سوا دہلی کے کسی اور گھاٹ پر مناسب یا وسیع انتظام نہیں کیا گیا، جس سے پوروانچل کے لوگ دل گرفتہ دکھائی دے رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔