نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا پی ایم مودی 28 مئی کو کریں گے افتتاح، لوک سبھا سکریٹریٹ نے دی جانکاری

لوک سبھا سکریٹریٹ نے بتایا کہ نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، اسپیکر اوم برلا نے پی ایم مودی سے ملاقات کر انھیں نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کے لیے مدعو کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>نیا پارلیمنٹ ہاؤس</p></div>

نیا پارلیمنٹ ہاؤس

user

قومی آوازبیورو

لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے 18 مئی کو وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کر انھیں نئے پارلیمنٹ ہاؤس کے افتتاح کے لیے مدعو کیا ہے۔ یہ جانکاری لوک سبھا سکریٹریٹ نے دی ہے اور بتایا ہے کہ نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ ساتھ ہی مطلع کیا گیا ہے کہ پی ایم مودی آئندہ 28 مئی کو اس نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا افتتاح کریں گے۔

غور کرنے والی بات یہ ہے کہ 28 مئی کو ہندوتوا نظریہ کے علمبردار اور آزادیٔ ہند کی متنازعہ شخصیت وی ڈی ساورکر کا یومِ پیدائش ہے۔ اس طرح 28 مئی کو نئے پارلیمنٹ ہاؤس کا افتتاح کرنے کے فیصلے کو لوک سبھا انتخاب 2024 سے جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔ یہ فیصلہ ہندو ووٹوں کو پولرائز کرنے کی کوشش قرار دی جا سکتی ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس میں تو یہ بھی بتایا جا رہا ہے کہ بی جے پی صدر جے پی نڈا نے ساورکر کی فیملی سے ملاقات کی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انھیں نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی افتتاحی تقریب میں مرکزی حکومت کی طرف سے مدعو کیا جا سکتا ہے۔


واضح رہے کہ نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت ملک کے پاور سنٹر یعنی ’سنٹرل وِسٹا‘ کی تعمیر نو کا حصہ ہے۔ راشٹرپتی بھون سے انڈیا گیٹ تک تین کلومیٹر سڑک کی جدید کاری، ایک جنرل سنٹرل سکریٹری کی تعمیر، وزیر اعظم کا ایک نیا دفتر و رہائش، اور ایک نیا ڈپٹی پریسیڈنٹ انکلیو بھی مرکزی تعمیرات عامہ محکمہ کے اس پروجیکٹ کا حصہ ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے دسمبر 2020 میں نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی بنیاد رکھی تھی جس میں جدید سہولیات ہوں گی۔ پارلیمنٹ کی اس نئی عمارت کی تعمیر ٹاٹا پروجیکٹس لمیٹڈ کر رہی ہے۔ عمارت میں ہندوستان کی جمہوری وراثت کو ظاہر کرنے کے لیے ایک عالیشان کانسٹی ٹیوشن روم، اراکین پارلیمنٹ کے لیے ایک لاؤنج، ایک لائبریری، ڈائننگ ایریا اور وسیع پارکنگ ایریا بھی ہوگا۔ پروجیکٹ کو پورا کرنے کی مدت کار نومبر 2022 تھی، لیکن طے وقت پر اسے پورا نہیں کیا جا سکا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔