ڈی کے شیو کمار 2024 کے پارلیمانی انتخابات تک کرناٹک کانگریس کے صدر رہیں گے: وینو گوپال

کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے دہلی میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس صدر نے فیصلہ کیا ہے کہ سدارمیا کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ہوں گے اور ڈی کے شیوکمار نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر ٹوئٹر@INCIndia</p></div>

تصویر ٹوئٹر@INCIndia

user

قومی آوازبیورو

بنگلورو: کرناٹک کے نئے وزیر اعلیٰ سدارمیا ہوں گے اور کانگریس پارٹی نے اس کا باضابطہ طور پر اعلان بھی کر دیا ہے۔ کانگریس پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے دہلی میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس صدر نے فیصلہ کیا ہے کہ سدارمیا کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ہوں گے اور ڈی کے شیوکمار نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے۔ اس کے علاوہ ڈی کے شیوکمار لوک سبھا انتخابات ہونے تک کرناٹک کانگریس کے صدر کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔ حلف برداری کی تقریب 20 مئی کو منعقد ہوگی۔

قبل ازیں، کرناٹک کانگریس کے صدر ڈی کے شیوکمار نے جمعرات کی شام کانگریس قانون ساز پارٹی کے اجلاس میں شرکت کے لئے تمام ایم ایل ایز کو ایک خط لکھ کر کرناٹک میں نئی ​​حکومت کی تشکیل کا عمل شروع کر دیا ہے۔ شیوکمار نے نئی دہلی میں نامہ نگاروں کو بتایا کہ نو منتخب ارکان اسمبلی، قانون ساز کونسلرز اور رکن پارلیمنٹ کی ایک میٹنگ شام 7 بجے کوئنز روڈ واقع اندرا گاندھی بھون میں ہوگی۔


کرناٹک کے نئے وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کرنے سے قبل بدھ کی دیر رات سے جمعرات کی صبح تک جاری رہنے والی کئی میٹنگوں کے بعد اس مسئلہ کو حل کر لیا گیا۔ میٹنگ میں کھڑگے، پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور رندیپ سرجے والا اور کرناٹک کے دو تجربہ کار لیڈران نے شرکت کی۔

کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے کھڑگے کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ کے دوران تعطل کو ختم کرنے کے فارمولے کو حتمی شکل دی۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی لیڈر راہل گاندھی نے بھی اس بات کی تائید کی ہے کہ جس لیڈر کو زیادہ سے زیادہ ایم ایل ایز کی حمایت حاصل ہو، اسے وزیر اعلیٰ منتخب کیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔