’پی ایم مودی 3 ہندوستانی ملاحوں کی موت کا معاملہ ٹرمپ کے سامنے اٹھائیں‘، وزیر اعظم سے پرینکا گاندھی کا مطالبہ
عمان میں 3 ہندوستانی ملاحوں کی موت سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے پرینکا گاندھی نے میڈیا سے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے انھیں (پی ایم مودی کو) یہ ایشو اٹھانا چاہیے۔‘‘
عمان میں امریکی فوجیوں کی طرف سے کیے گئے حملہ کے سبب ہلاک 3 ہندوستانی ملاحوں کا معاملہ سرخیوں میں ہے۔ اپوزیشن لیڈران لگاتار اس تعلق سے امریکہ کے خلاف اپنی سخت ناراضگی ظاہر کر رہے ہیں۔ اپوزیشن پارٹیاں، خصوصاً کانگریس مودی حکومت پر دباؤ بنا رہی ہے کہ وہ اس معاملہ پر امریکہ کی سرزنش کرے اور صدر ٹرمپ سے شکایت بھی کرے۔ اب اس معاملہ میں کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی آواز اٹھائی ہے۔
پرینکا گاندھی نے منگل کے روز اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سامنے 3 ہندوستانی ملاحوں کی موت کا معاملہ اٹھانا چاہیے۔ دراصل پی ایم مودی فرانس اور سلوواکیہ کے دورہ پر ہیں۔ وہ فرانس میں جی-7 سمیلن کے رابطہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ ان کا جی-7 سمیلن کے دوران کئی ممالک کے لیڈران کے ساتھ دو فریقی میٹنگوں کا بھی پروگرام امید کی جا رہی ہے کہ پی ایم مودی کی امریکی صدر ٹرمپ سے بھی ملاقات ہوگی۔ ایسے میں سبھی کی نظر اس بات پر ہوگی کہ مودی اور ٹرمپ کے درمیان کیا باتیں ہوں گی۔
اسی ملاقات کے امکان کو دیکھتے ہوئے پرینکا گاندھی نے پی ایم مودی کے سامنے ہندوستانی ملاحوں کی موت کا معاملہ اٹھانے کی بات رکھی ہے۔ آج پارلیمنٹ احاطہ میں جب میڈیا اہلکاروں نے پرینکا سے ہندوستانی ملاحوں کی موت پر رد عمل جاننا چاہا، تو انھوں نے کہا کہ ’’مجھے لگتا ہے کہ انھیں یقیناً یہ ایشو (امریکی حملہ میں مارے گئے 3 ہندوستانی ملاحوں کا معاملہ) اٹھانا چاہیے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’یہ حیرانی کی بات ہے کہ جو کچھ ہو رہا ہے، اس پر ہم نے (حکومت نے) کھل کر کوئی بات نہیں کی ہے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
