وزیر اعظم مودی ’وکٹم کارڈ‘ کھیل رہے ہیں، ان کے ’انسٹاگرام اجلاس‘ کسی کو گمراہ نہیں کر سکتے: جے رام رمیش
جے رام رمیش نے کہا کہ ’’خود کو نان بائیولوجیکل بتانے والے وزیراعظم کو وکٹم کارڈ کھیلنا بے حد پسند ہے۔ وہ اپنے پیش روؤں اور سیاسی مخالفین کے خلاف انتہائی قابل اعتراض اور تلخ زبان استعمال کرتے ہیں۔‘‘

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ جس میں ’جنتر منتر‘ پر ہوئے احتجاجی مظاہرے پر رد عمل کا اظہار کیا۔ اس پر کانگریس کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ کانگریس کے راجیہ سبھا رکن جے رام رمیش نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’خود کو نان بائیولوجیکل بتانے والے وزیراعظم کو وکٹم کارڈ کھیلنا بے حد پسند ہے۔ وہ اپنے پیش روؤں اور سیاسی مخالفین کے خلاف انتہائی قابل اعتراض اور تلخ زبان استعمال کرتے ہیں۔ انہیں بدنام کرنے کے لیے وہ نہ صرف اپنے عوامی جلسوں میں، بلکہ پارلیمنٹ کے اندر بھی بار بار جھوٹ پھیلاتے ہیں۔ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر گالی گلوچ کرنے والوں کی پوری فوج کو کھلی چھوٹ دیتے ہیں اور انہیں مکمل تحفظ بھی فراہم کرتے ہیں۔‘‘
اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں جے رام رمیش مزید لکھتے ہیں کہ ’’آج پورا ملک اس بات کا انتظار کر رہا ہے کہ وزیر اعظم این ٹی اے کے پیپر لیک سے متاثرہ نظام کی وجہ سے لاکھوں نوجوانوں کو پہنچنے والی تکلیف اور وزارت داخلہ کی سرپرستی میں طلبہ کی تحریکوں پر ہونے والی وحشیانہ کارروائی پر معافی مانگیں۔ پورا ملک رام مندر ٹرسٹ کی جانب سے کی گئی چندہ چوری اور عقیدت کے ساتھ دھوکہ دہی کے معاملے پر بھی وزیر اعظم سے معافی کی توقع کر رہا ہے، جس کے قیام کا اعلان انہوں نے خود 5 فروری 2020 کو لوک سبھا میں بڑے زور و شور سے کیا تھا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’پورا ملک آج بھی 8 نومبر 2016 کو لیے گئے ان کے تغلقی فیصلے پر ان کی معافی کا انتظار کر رہا ہے، جس نے کروڑوں لوگوں کی روزی روٹی چھین لی اور لاکھوں ایم ایس ایم ای بند ہونے کے دہانے پر پہنچ گئے۔‘‘
کانگریس راجیہ سبھا رکن لکھتے ہیں کہ ’’ایسے معاملات کی فہرست بہت لمبی ہے۔ لیکن کل رات وزیر اعظم نے خود پسندی کی انتہا کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمارے نوجوانوں کو معاف کر دیا ہے۔ یہ ملک اور ان نوجوانوں کی توہین ہے جنہوں نے ان کی حکومت کے دوران تکلیفیں اٹھائی ہیں اور جو مکمل طور پر جائز طریقے سے ان سے معافی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔‘‘ پوسٹ کے آخر میں انہوں نے لکھا کہ ’’وزیر اعظم کے انسٹاگرام اجلاس اب کسی کو بیوقوف نہیں بنا سکتے۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
