پی ایم مودی نے گالیاں دینے اور جھوٹ بولنے کا کارخانہ کھول رکھا ہے: ملکارجن کھڑگے

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ پی ایم مودی کو صرف یہ فکر لگی رہتی ہے کہ چھتیس گڑھ میں ای ڈی، سی بی آئی اور آئی ٹی کے لوگوں کو کس طرح بھیجا جائے۔

<div class="paragraphs"><p>چھتیس گڑھ میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia</p></div>

چھتیس گڑھ میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، تصویر @INCIndia

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے جمعہ کے روز چھتیس گڑھ کے ابھن پور اور چندرپور میں عوامی جلسوں کو خطاب کیا۔ اس دوران انھوں نے مرکزی حکومت اور پی ایم مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ پی ایم مودی نے اپنا کوئی بھی وعدہ وفا نہیں کیا۔ وہ کہتے ہیں کہ ’’پی ایم مودی جھوٹوں کے سردار ہیں۔ انھوں نے گالیاں دینے اور جھوٹ بولنے کا کارخانہ کھول رکھا ہے۔ وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ چھتیس گڑھ آ کر ماحول خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔‘‘

عوامی سیلاب کو خطاب کرتے ہوئے کھڑگے نے کانگریس حکومت کی کارگزاریاں بھی شمار کرائیں اور آئندہ کے منصوبوں کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’چھتیس گڑھ میں دوبارہ کانگریس حکومت بننے پر پھر کسانوں کا قرض معاف ہوگا۔ کے جی سے لے کر پی جی تک بچوں کو مفت تعلیم ملے گی۔ 500 روپے فی سلنڈر سبسیڈی خواتین کے اکاؤنٹس میں جمع ہوگی۔ 200 یونٹ تک بجلی مفت ملے گی اور 17 لاکھ 50 ہزار غریب کنبوں کو خود کا گھر ملے گا۔‘‘ کھڑگے کا کہنا ہے کہ کانگریس نے گزشتہ بار انتخاب سے قبل جو وعدے کیے تھے، وہ پورے کیے جا چکے ہیں۔ چھتیس گڑھ میں کانگریس حکومت نے کسانوں کا قرض معاف کیا، سرکاری ملازمین کے لیے پرانی پنشن منصوبہ نافذ کیا، چھتیس گڑھ کے بچوں کے لیے سوامی آتمانند انگلش میڈیم اسکول کھولے اور مفت علاج و سستی دوائیاں بھی مہیا کرائی۔


کھڑگے نے منی پور تشدد کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’منی پور میں حالات خراب ہیں لیکن وزیر اعظم مودی ایک بار بھی منی پور نہیں گئے۔ مودی جی آنکھ موند کر بیٹھے ہوئے ہیں۔ انھیں صرف چھتیس گڑھ میں ای ڈی، سی بی آئی اور آئی ٹی کے لوگوں کو بھیجنے کی فکر لگی رہتی ہے۔ پی ایم مودی اور امت شاہ چھتیس گڑھ میں آ کر ملک کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جھوٹ بول کر کانگریس کو بدنام کرتے ہیں۔ انھوں نے کچھ ایسا ہی کرناٹک میں بھی کیا تھا، لیکن کانگریس نے کرناٹک میں بی جے پی کی 40 فیصد کمیشن والی حکومت کو ہٹا دیا۔ چھتیس گڑھ میں بھی پھر سے کانگریس کی حکومت بننے جا رہی ہے۔‘‘

کھڑگے نے مودی حکومت پر ملک کی ملکیت کو فروخت کرنے کا الزام بھی عائد کیا اور ساتھ ہی کہا کہ ’’مودی حکومت کو غریبوں، قبائلیوں، ایس سی طبقہ کی کوئی فکر نہیں ہے۔ پی ایم مودی نے کہا تھا کہ وہ ہر سال دو کروڑ ملازمتیں دیں گے، بلیک منی واپس لائیں گے، سبھی کو 15 لاکھ روپے دیں گے، کسانوں کی آمدنی دوگنی کریں گے... کوئی بھی وعدہ پورا نہیں ہوا۔ مودی جی جھوٹ بولتے ہیں اس لیے انھیں جھوٹوں کا سردار کہا جاتا ہے۔ مودی حکومت صرف اپوزیشن کی ریاستی حکومتوں کو پریشان کرنے کا کام کرتی ہے۔ چھتیس گڑھ کو مرکزی حکومت سے جو پیسہ ملنا ہے، وہ ابھی تک نہیں مل سکا ہے۔ یہ مودی جی کا پیسہ نہیں ہے، یہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ ہے، عوام کے حق کا پیسہ ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔