پی ایم مودی نے گزشتہ تریپورہ اسمبلی انتخاب میں کیے وعدے کو اب تک پورا نہیں کیا: کانگریس

تریپورہ کانگریس کمیٹی کے ترجمان پرشانت بھٹاچاریہ نے الزام لگایا کہ مودی حکومت کو کانگریس کی قیادت والی یو پی اے حکومت کے منظور کردہ پروجیکٹس کو مکمل کرنے میں سات سال لگے۔

پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

اگرتلہ: اپوزیشن کانگریس نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی پر شمال مشرقی ریاست کے دورے کے دوران ان پر گزشتہ اسمبلی انتخابات کے دوران کیے گئے وعدوں میں سے کسی ایک کو بھی پورا نہ کر کے تریپورہ کے عوام کے ساتھ دھوکہ کرنے کا الزام لگایا۔

ریاستی کانگریس کمیٹی کے ترجمان پرشانت بھٹاچاریہ نے الزام لگایا کہ مودی حکومت کو کانگریس کی قیادت والی متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) حکومت کے منظور کردہ پروجیکٹس کو مکمل کرنے میں سات سال لگے، لیکن یہ شرم کی بات ہے کہ مودی حکومت کریڈٹ لینے پر تُلی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے قبل وزیر اعظم اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں نے ریاست میں فوڈ پروسیسنگ، بانس، آئی ٹی اور ٹیکسٹائل جیسے شعبوں کے لیے خصوصی اقتصادی زون بنانے کا وعدہ کیا تھا، لیکن چار سال گزرنے کے بعد بھی یہ ابھی تک عمل میں ہے اور طویل عرصے سے اس پر بات چیت کے علاوہ کچھ نہیں کیا گیا ہے۔


انہوں نے الزام لگایا کہ انہوں نے نوجوانوں کو مفت اسمارٹ فون، ہر خاندان کو روزگار، خواتین کو گریجویشن تک مفت تعلیم، سرکاری ملازمین کے لیے ساتویں سینٹر پے کمیشن کی سفارشات پر عمل درآمد، ریاست کے تمام 60 اسمبلی حلقوں میں ایک ایک ڈگری، کالج قائم کرنے اور تریپورہ میں ایمس جیسا اسپتال سمیت کافی تعداد میں ملٹی اسپیشیلٹی اسپتال بنانے کا وعدہ کیا تھا لیکن ان میں سے کوئی بھی منصوبہ ابھی تک شرمندۂ تعبیر نہ ہو سکا۔

پرشانت بھٹاچاریہ نے دعویٰ کیا، ’بی جے پی نے عوام کے ووٹ حاصل کرنے کے لیے شمال مشرق میں مال کے نقل و حمل (ٹرانسپورٹ) کے لیے یہاں لاجسٹک ہب اور تریپورہ کو سیاحت اور تعلیم کا ہب بنانے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن آج تک یہ منصوبے تریپورہ کے لوگوں کے لیے صرف ایک خواب ہی رہے ہیں۔ اس کے بجائے، بی جے پی کی قیادت والی حکومت نے ریاست کو ترقی کے ریگستان میں تبدیل کر دیا ہے اور تکبر اور انتقامی سیاست کے کلچر کو فروغ دیا ہے‘۔


پرشانت بھٹاچاریہ نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے روز ویلی گھپلے سمیت غیر بینکنگ مالیاتی اداروں کے گھپلوں کی تحقیقات کا وعدہ کیا تھا اور قصورواروں کو سزا دینے کا بھی وعدہ کیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے دو صحافیوں شانتنو بھومک اور سُدیپ دتّا بھومک کے قتل کے معاملے میں تحقیقات کے لیے مقدمہ درج کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، لیکن یہ سب محض وعدے بن کر رہ گئے ہیں لیکن اس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی نے ماہانہ سماجی پنشن 2000 روپے، منریگا سمیت کم از کم اجرت 340 روپے کرنے اور کم از کم 200 دن کام یقینی بنانے کا وعدہ کرکے بی جے پی کے لیے مہم چلائی تھی، لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں صرف وزیر اعلیٰ بپلب دیو کے دور حکومت میں غربت میں اضافہ ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔