مقامی پیداوار کے فروغ کے لیے پی ایم مودی نے دیا نیا نعرہ ’لوکل کے لیے ووکل بنیں‘

پی ایم مودی نے ملک کے نام اپنے خطاب میں کورونا وائرس یعنی ’کووڈ-19‘ وبا کے دوران ملک کو خود کفیل بنانے کے لیے عوام سے مقامی پیداوار خریدنے اور اس پر فخر کرنے کی اپیل کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پی ایم نریندر مودی اپنے طرز تخاطب کے ساتھ ساتھ نئے نئے نعرے دینے کے لیے مشہور ہیں۔ منگل کی شب 8 بجے ملک کے نام خطاب کرتے ہوئے بھی انھوں نے ایک ایسا نعرہ دیا جو انتہائی پرکشش معلوم پڑ رہا ہے۔ حالانکہ اس نعرے کی کچھ لوگ تنقید بھی کر رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ یہ محض ایک نعرہ ہے اور زمین پر کچھ بھی نہیں ہونے والا۔ بہر حال، پی ایم مودی کا یہ نیا نعرہ ہے 'لوکل کے لیے ووکل بنیں'۔

پی ایم مودی نے منگل کو اپنے خطاب میں کورونا وائرس یعنی ’کووڈ-19‘ وبا کے دوران ملک کو خود کفیل بنانے کے لیے عوام سے مقامی پیداوار خریدنے اور اس پر فخر کرنے کی اپیل کی ہے۔ قوم کے نام اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ کورونا بحران کے دوران مقامی مینو فیکچرنگ، مقامی سپلائی چین کی اہمیت ہماری سمجھ میں آ گئی ہے۔ ہمیں معلوم ہو گیا ہے کہ بحران کے اس وقت میں لوکل نے ہی ہمیں بچایا ہے۔ وقت نے سکھایا ہے کہ لوکل کو ہمیں اپنی زندگی کا حصہ بنانا ہے۔ آج سے ہر ہندوستانی کو ’لوکل‘ کے لیے ’ووکل‘ بننا ہے۔ نہ صرف لوکل پیداوار خریدنا ہے بلکہ فخر سے اس کی تشہیر بھی کرنی ہے۔


پی ایم مودی نے کہا کہ آج جو گلوبل برانڈ ہیں وہ بھی شروع میں لوکل ہی تھے۔ جب ان ملکوں کے افراد نے ان کا استعمال شروع کیا تو پھر وہ لوکل سے گلوبل بن گئے۔ اپنے خطاب میں ملک کو خود کفیل بنانے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے عالمی سپلائی چین میں شدید مقابلے کے لیے ملک تیار ہوگا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔