پی ایم مودی نے ہندوستان کی 17ویں وندے بھارت ٹرین کو دکھائی ہری جھنڈی، اڈیشہ کو ملی پہلی ’وندے بھارت ایکسپریس‘

وندے بھارت ٹرین گجرات، مہاراشٹر، تلنگانہ، آندھرا پردیش، بنگال، کرناٹک، یوپی، جموں و کشمیر، راجستھان، مدھیہ پردیش، ہماچل پردیش، پنجاب، تمل ناڈو، چھتیس گڑھ، راجستھان اور ہریانہ میں چلائی جا رہی ہے۔

وندے بھارت ایکسپریس / آئی اے این ایس
وندے بھارت ایکسپریس / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

18 مئی کو وزیر اعظم نریندر مودی نے مزید ایک ’وندے بھارت ٹرین‘ کا افتتاح کیا، جس کے بعد ہندوستان میں اب مجموعی طور پر 17 وندے بھارت ٹرینیں فعال ہو گئی ہیں۔ نئی وندے بھارت ٹرین پوری-ہوڑہ روٹ پر چلائی گئی ہے، اور اس طرح اڈیشہ کو اس کی پہلی وندے بھارت ٹرین مل گئی ہے۔ پی ایم مودی نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ نئی وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق جب پوری-ہوڑہ روٹ پر نئی وندے بھارت ایکسپریس کو پی ایم مودی نے ہری جھنڈی دکھائی تو اس دوران وزیر ریل اشونی ویشنو پوری ریلوے اسٹیشن پر موجود تھے۔ یہ ٹرین اڈیشہ کے لیے پہلی وندے بھارت ایکسپریس ہے، لیکن مغربی بنگال کے لیے یہ دوسری وندے بھارت ٹرین ہو گئی ہے۔ مغربی بنگال کے لیے اس سے قبل ہوڑہ سے نیو جلپائی گوڑی روٹ پر وندے بھارت ٹرین کا افتتاح ہو چکا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ وندے بھارت ٹرین کو سیمی ہائی اسپیڈ ٹرین کی شکل میں جانا جاتا ہے۔ حکومت اب تک 15 ریاستوں میں وندے بھارت ٹرین کا افتتاح کر چکی ہے۔ ان میں گجرات، مہاراشٹر، تلنگانہ، آندھرا پردیش، مغربی بنگال، کرناٹک، اتر پردیش، جموں و کشمیر، راجستھان، مدھیہ پردیش، ہماچل پردیش، پنجاب، تمل ناڈو، چھتیس گڑھ، راجستھان اور ہریانہ شامل ہے۔

بہرحال، اڈیشہ کے پوری سے جس نئی وندے بھارت ٹرین کا افتتاح کیا گیا ہے، وہ جمعرات کو چھوڑ کر پورے ہفتہ میں سبھی 6 دن چلے گی۔ یہ تقریباً 6.30 گھنٹے میں پوری سے ہوڑہ کا سفر طے کرے گی۔ 16 کوچ والی یہ ٹرین پوری سے ہوڑہ کے درمیان 500 کلومیٹر کا احاطہ کرے گی۔ اس روٹ پر دوسری ٹرینیں سفر مکمل کرنے میں تقریباً 8 سے 9 گھنٹے لگاتی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔