وزیر اعظم مودی کی ولادیمیر پوتن کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد

وزیر اعظم نریندر مودی نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مضبوط بنانے کا عہد کیا

<div class="paragraphs"><p>نریندر مودی، ولادیمیر پوتن / آئی اے این ایس</p></div>

نریندر مودی، ولادیمیر پوتن / آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر ٹیلی فون پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مضبوط بنانے کا عہد کیا۔ انہوں نے روس-یوکرین تنازعہ پر بھی بات چیت کی اور بات چیت و سفارتکاری کے ذریعے حل نکالنے کے ہندوستان کے موقف کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے انہیں روسی فیڈریشن کا دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرنے کے ساتھ روس کے دوست عوام کی امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے آنے والے برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان خصوصی اور مراعات یافتہ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔


دونوں رہنماوں نے دوطرفہ تعاون کے مختلف امور میں پیش رفت کا بھی جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ روس-یوکرین تنازعہ پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے آگے بڑھنے کے راستے کے طور پر بات چیت اور سفارت کاری کے حق میں ہندوستان کے مستقل موقف کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

وزیراعظم مودی نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، ’’میں نے صدر پوتین سے بات چیت کی اور انہیں روسی فیڈریشن کے صدر کے طور پر دوبارہ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔ ہم نے آنے والے سالوں میں ہندوستان -روس کے مابین اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔‘‘


خیال رہے کہ ولادیمیر پوتین نے تقریباً 88 فیصد ووٹ حاصل کر کے دوبارہ روس کے صدر کا انتخاب جیت لیا ہے۔ کریملن کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق، روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے درمیان بدھ کے روز روسی صدر ولادیمیر پوتین اور ہندوستانی وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ٹیلی فون پر یوکرین کے مسئلے پر بات چیت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔