نائب صدر منتخب ہونے پر جگدیپ دھنکھڑ کو پی ایم مودی، امت شاہ، سونیا گاندھی کی مبارکباد

وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’مجھے یقین ہے کہ وہ ایک بہترین نائب صدر ثابت ہوں گے، ہمارا ملک ان کی عقل و دانش سے بے پناہ فائدہ اٹھائے گا۔‘‘

جگدیپ دھنکھڑ اور نریندر مودی
جگدیپ دھنکھڑ اور نریندر مودی
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کے نائب صدر عہدہ کے لیے این ڈی اے امیدوار جگدیپ دھنکھڑ نے مشترکہ اپوزیشن امیدوار مارگریٹ الوا کو بڑی آسانی سے شکست دے دی ہے۔ جگدیپ دھنکھڑ کو 528 ووٹ حاصل ہوئے جب کہ اپوزیشن امیدوار مارگریٹ الوا کو 182 ووٹوں پر اکتفا کرنا پڑا۔ نائب صدر انتخاب کا نتیجہ برآمد ہونے کے بعد دھنکھڑ کو مبارکباد پیش کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ان کی رہائش پر پہنچ کر انھیں جیت کی مبارکباد دی۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے جگدیپ دھنکھڑ سے ملاقات کی تصویر اپنے ٹوئٹر ہینڈل پر شیئر کیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے لکھا ہے ’’جگدیپ دھنکھڑ جی کو پارٹی لائن سے ہٹ کر زبردست حمایت حاصل ہوئی اور وہ ہندوستان کے نائب صدر منتخب ہوئے، اس کے لیے مبارکباد۔ مجھے یقین ہے کہ وہ ایک بہترین نائب صدر ثابت ہوں گے۔ ہمارا ملک ان کی عقل و دانش سے بے پناہ فائدہ اٹھائے گا۔‘‘


جگدیپ دھنکھڑ کے نائب صدر منتخب ہونے کے بعد مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جو ٹوئٹ کیا ہے اس میں لکھا ہے کہ ’’کسان کے بیٹے جگدیپ دھنکھڑ جی کا ہندوستان کے نائب صدر کی شکل میں منتخب ہونا پورے ملک کے لیے خوشی کا موضوع ہے۔ دھنکھڑ جی اپنی طویل عوامی زندگی میں لگاتار عوام سے جڑے رہے ہیں۔ زمینی ایشوز کی باریک سمجھ اور ان کے تجربات کا ایوان بالا کو یقیناً فائدہ ملے گا۔‘‘

دھنکھڑ کو ان کی حریف یعنی مشترکہ اپوزیشن امیدوار مارگریٹ الوا نے بھی ٹوئٹ کر مبارکباد پیش کی، اور ساتھ ہی ایک بہترین پیغام بھی لکھا۔ انھوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’’بدقسمتی سے کچھ اپوزیشن پارٹیوں نے متحد اپوزیشن کے نظریات کو پٹری سے اتارنے کی کوشش میں بلاواسطہ یا بالواسطہ طور پر بی جے پی کی حمایت کرنے کا راستہ اختیار کیا، اس سے خود ان کے اعتبار کو نقصان پہنچا ہے۔‘‘ ٹوئٹ میں وہ یہ بھی لکھتی ہیں کہ ’’انتخاب ختم ہو گیا، لیکن آئین کے تحفظ، جمہوریت کی مضبوطی اور پارلیمنٹ کے وقار کو بحال کرنے کے لیے جنگ جاری رہے گی۔‘‘


کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بھی جگدیپ دھنکھڑ کے نائب صد رمنتخب ہونے پر انھیں نیک خواہشات پیش کیں۔ علاوہ ازیں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’جگدیپ دھنکھڑ جی کو ہندوستان کے 14ویں نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد۔ مشترکہ اپوزیشن کے جذبہ کو وقار کے ساتھ پیش کرنے کے لیے محترمہ مارگریٹ الوا جی کا شکریہ۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔