پیلی بھیت: دو سگی بہنوں کی مشتبہ حالت میں لاشیں برآمد

ایس پی جئے پرکاش یادو نے موقع واردات کا معائنہ کیا اور بتایا کہ متوفیہ لڑکیوں میں ایک کی عمر 17سال اور دوسری کی عمر 19سال کی ہے۔ دونوں کے والد سونی برک فیلڈ پر اینٹ بھٹے میں مزدوری کرتے ہیں۔

پیلی بھیت کے ایس ایس پی / ویڈیو گریب
پیلی بھیت کے ایس ایس پی / ویڈیو گریب
user

یو این آئی

پیلی بھیت: اتر پردیش کے ضلع پیلی بھیت کے بیسلپور کوتوالی علاقے میں شاہجہاں پور ہائی وے سے منسلک جسولی گاؤں میں منگل کی صبح دو سگی بہنوں کی لاشیں ملنے سے آس پاس کے علاقے میں ہلچل مچ گئی۔ پولیس کے مطابق ایک لاش پھندے پر لٹکتی ہوئی اور دوسری پاس کے کھیت میں ملی ہے۔

ایس پی جئے پرکاش یادو نے موقع واردات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ متوفیہ لڑکیوں میں ایک کی عمر 17سال اور دوسری کی عمر 19سال کی ہے۔ دونوں کے والد سونی برک فیلڈ پر اینٹ بھٹے میں مزدوری کرتے ہیں۔ واقعہ کی جانچ کی جا رہی ہے۔


اس درمیان وزیر اعلی دفترکی ہدایت پر انسپکٹر جنرل آف پولیس راجیش کمار پانڈے نے بسیل پور جاکر مہلوکین کی جانچ خود سنبھالی ہے۔ ایس پی کے مطابق بلسنڈا تھانہ علاقے کے بیسل پور کی رہنے والی کملا دیوی کا پورا کنبہ بیسلپور تھانہ علاقے کے قاسم پور کے نزدیک واقع سونی برک فیلڈ پر رہ کر کام کرتا تھا۔

اہل خانہ کی پولیس کو دی گئی جانکاری کے مطابق پیر کی دیر شام دونوں بہنیں گھر سے بیت الخلاء کے لئے نکلی تھیں۔ جب کافی دیر تک دونوں واپس نہیں لوٹیں تو اہل خانہ کی کھوج بین کے دوران ایک بہن کی لاش دیر رات بھٹے سے کچھ دوری پر برآمد ہوئی جس کے بعد مقامی افراد کی مدد سے کافی دیر تک تلاش کے بعد منگل کی صبح دوسری بہن کی لاش کچھ ہی دوری پر درخت سے لٹکی ہوئی ملی ہے۔


لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دی گئی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کنبہ بھٹے پر ہی رہ کر کام کرتا ہے دیر رات سے دونوں بہنیں لاپتہ تھیں۔ پولیس ایک شخص کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔