پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں پھر لگی آگ، ممبئی میں پٹرول 78 رُوپے سے بھی مہنگا

پٹرول و ڈیزل کی قیمتیں جمعہ کو لگاتار چوتھے دن بڑھائی گئیں۔ ان چار دنوں میں ملک کی راجدھانی دہلی میں پٹرول کی قیمت ایک روپے فی لیٹر سے زیادہ کے اضافہ کے ساتھ پھر سے 73 روپے فی لیٹر کے پار ہو گئی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پٹرول جمعہ کو دہلی میں 35 پیسے، کولکاتا اور ممبئی میں 37 پیسے فی لیٹر جب کہ چنئی میں 37 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو گیا، جو کہ جولائی کے بعد سب سے تیز اضافہ ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں بھی پھر دہلی اور کولکاتا میں 28 پیسے جب کہ ممبئی و چنئی میں 30 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت میں آئی تیزی کے سبب پٹرول و ڈیزل کی قیمت میں روزانہ اضافہ کا سلسلہ جاری ہے۔


گزشتہ ہفتہ سعودی عرب کے تیل اداروں پر ڈرون سے حملہ کے بعد بین الاقوامی بازار میں خام تیل کی قیمت میں اس ہفتہ کے پہلے کاروباری سیشن کے دوران پیر کو اچانک تقریباً 20 فیصد اضافہ ہوا جو کہ 28 سال بعد ایک دن میں آئی سب سے بڑی تیزی تھی۔ مبینہ طور پر حملے کی ذمہ داری یمن کے حوثی باغیوں نے لی۔ اس کے بعد حالانکہ تیل کی قیمت میں پھر نرمی آئی لیکن جمعہ کو پھر تیزی کا رخ بنا رہا۔

انڈین آئل کی ویب سائٹ کے مطابق دہلی، کولکاتا، ممبئی اور چنئی میں پٹرول کی قیمت بڑھ کر بالترتیب 73.06 روپے، 75.77 روپے، 78.73 روپے اور 75.93 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ چاروں میٹرو پولیٹن سٹی میں ڈیزل کی قیمت بھی بڑھ کر بالترتیب 66.29 روپے، 68.70 روپے، 69.54 روپے اور 70.07 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔


قومی راجدھانی دہلی میں ان چار دنوں میں پٹرول کی قیمت میں 1.03 روپے جب کہ ڈیزل کی قیمت میں 86 پیسے فی لیٹر کا اضافہ ہوا ہے۔ اس سے پہلے 5 جولائی کو پیش عام بجٹ میں پٹرول اور ڈیزل پر خصوصی پروڈکشن ٹیکس اور سڑک ٹیکس میں ایک ایک روپے کے اضافہ کا اعلان کیے جانے کے بعد اس کے اگلے ہی دن دہلی میں پٹرول کی قیمت 2.45 روپے فی لیٹر بڑھ گیا تھا۔

اینجل بروکنگ میں انرجی و کرنسی ریسرچ معاملوں کے ماہر و ڈپٹی وائس پریسڈنٹ انوج گپتا نے بتایا کہ سعودی عرب کی سرکاری تیل پروڈکشن کمپنی آرامکو کی مشنریوں پر گزشتہ ہفتہ ہوئے حملے کے بعد خلیجی علاقوں میں کشیدگی کی حالت بنی ہوئی ہے، جس سے تیل کی قیمتوں کو سپورٹ مل رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Sep 2019, 11:10 AM
/* */