رام مندر ’بھومی پوجن‘ تقریب روکنے کے لیے الٰہ آباد ہائی کورٹ میں عرضی داخل

ساکیت گوکھلے نے اپنی عرضی میں اس حکم کا بھی تذکرہ کیا ہے جس کے تحت عیدالاضحیٰ پر اجتماعی نماز کی اجازت نہیں دی گئی کیونکہ اس سے کورونا پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

رام مندر تعمیر کے سلسلے میں تیاریاں زور و شور سے چل رہی ہیں اور 5 اگست کی تاریخ 'بھومی پوجن' کے لیے مقرر بھی کی جا چکی ہے۔ اس درمیان الٰہ آباد ہائی کورٹ میں ایک عرضی داخل کی گئی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ 'بھومی پوجن' کی تقریب روکی جائے۔ یہ مطالبہ کورونا بحران کے مدنظر کیا گیا ہے اور عرضی میں لکھا گیا ہے کہ اگر تقریب کا انعقاد ہوتا ہے تو کورونا انفیکشن کے پھیلاؤ کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

الٰہ آباد ہائی کورٹ میں یہ عرضی دہلی کے صحافی ساکیت گوکھلے نے داخل کی ہے۔ انھوں نے ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کو پی آئی ایل (مفاد عامہ عرضی) کے ذریعہ عرضی دی ہے اور کہا ہے کہ بھومی پوجن کووڈ-19 کا پھیلاؤ روکنے کے مقصد سے جاری 'اَن لاک-2' کے گائیڈ لائن کی خلاف ورزی ہے۔ عرضی میں کہا گیا ہے کہ اگر یہ تقریب ہوتی ہے تو تقریباً 300 لوگ وہاں جمع ہوں گے جو خطرناک ثابت ہوگا۔


مفاد عامہ عرضی میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ یو پی حکومت کسی بھی طرح مرکزی حکومت کی گائیڈ لائن میں چھوٹ نہیں دے سکتی کیونکہ بھومی پوجن پروگرام ہونے سے کورونا انفیکشن پھیلنے کا خطرہ بڑھے گا۔ ساکیت گوکھلے نے عرضی میں اس حکم کا بھی تذکرہ کیا ہے جس کے تحت عیدالاضحیٰ پر اجتماعی نماز کی اجازت نہیں دی گئی کیونکہ اس سے کورونا پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا۔

واضح رہے کہ بیرون ممالک کے کئی اخبارات میں کام کر چکے اور معروف سماجی کارکن ساکیت گوکھلے کی عرضی منظور کر لی گئی تو چیف جسٹس کے ذریعہ نامزد بنچ اس معاملے میں سماعت کرے گی۔ عرضی میں رام مندر ٹرسٹ کے ساتھ ہی مرکزی حکومت کو بھی فریق بنایا گیا ہے اور عرضی منظور کیے جانے پر رام مندر بھومی پوجن کی تاریخ میں تبدیلی بھی ہو سکتی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Jul 2020, 12:58 PM