رام مندر 'بھومی پوجن مہورت' تنازعہ کا شکار، سوامی سوروپانند سے ایودھیا کے سنت چراغ پا

رام جنم بھومی کے پردھان پجاری آچاریہ ستیندر داس کا کہنا ہے کہ بھادو پکش میں سبھی گرہ نکشتر موزوں ہوتے ہیں۔ اس ماہ میں کیے گئے کسی بھی کام کو مضر نہیں ٹھہرایا جا سکتا ہے۔"

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

شنکراچاریہ سوامی سوروپانند سرسوتی کے ذریعہ رام مندر 'بھومی پوجن مہورت' سے متعلق دیا گیا بیان تنازعہ کا شکار ہو گیا ہے۔ انھوں نے اپنے ایک بیان میں رام مندر تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھے جانے کی مقرر کردہ تاریخ 5 اگست کو 'اشبھ' (منحوس) بتایا تھا جس پر ایودھیا کے سنتوں نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ کچھ سنتوں نے تو شنکراچاریہ کو چیلنج پیش کیا ہے کہ وہ ثابت کریں کہ بھادر پکش کی بھادو اشبھ ہوتی ہے۔

ایودھیا کے سنتوں کا کہنا ہے کہ بھادو میں بھگوان شری کرشن کی پیدائش ہوئی تھی اور اس لیے پورا مہینہ ہی شبھ (مبارک) ہوتا ہے۔ جس ماہ میں دیوتا اَوتار لیتے ہیں اس پورے ماہ کو مبارک تصور کیا جاتا ہے۔ سنتوں کا کہنا ہے کہ بھگوان کے خصوصی طور پر دو اوتار ہوتے ہیں، ایک رام اوتار اور دوسرا کرشن اوتار۔ رام اوتار چیتر میں ہوا تھا اس لیے چیتر کا پورا مہینہ مبارک ہوتا ہے۔ بھادو میں بھگوان کرشن نے جنم لیا تھا اس لیے بھادو کا بھی مکمل مہینہ مبارک ہے۔


ہندی نیوز پورٹل 'نیوز 18' پر شائع ایک خبر میں شنکراچاریہ سوامی سوروپانند سرسوتی کے بیان پر رام جنم بھومی کے پردھان پجاری آچاریہ ستیندر داس کے حوالے سے لکھا گیا ہے کہ "خاص طور سے سناتن مذہب میں دو اوتار مانے جاتے ہیں۔ بھگوان رام کا اوتار چیتر ماہ میں ہوا تھا اور بھگوان کرشن کا اوتار بھادو پکش میں ہوا تھا۔ اس ماہ میں سبھی گرہ نکشتر (فلکیاتی نظام) موزوں ہوتے ہیں۔ اس ماہ میں کیے گئے کسی بھی کام کو مضر نہیں کہا جا سکتا ہے۔" آچاریہ ستیندر داس مزید کہتے ہیں کہ "مندر تعمیر کی تاریخ اسی وقت شبھ مانی جاتی ہے جس وقت اس کی بنیاد کا پتھر رکھا جائے۔ اس لیے بھادو کو اشبھ نہیں کہنا چاہیے۔ جو بھی پتھر بھگوان رام کے بھومی پوجن کے لیے رکھا جائے گا وہ شبھ ہوگا اور مندر بلارکاوٹ جلد تعمیر ہوگی۔"

دوسری طرف تپسوی چھاؤنی کے مہنت پرمہنس داس کا کہنا ہے کہ شنکراچاریہ سوروپانند سرسوتی نے 5 اگست کو اچھا مہورت نہ ہونے کی بات کہی ہے اور کہا ہے کہ بھادر پکش میں کوئی بھی مبارک کام نہیں ہوتا ہے جو نامناسب ہے۔ انھوں نے کہا کہ بھادو میں بھگوان کرشن کا جنموتسو منایا جاتا ہے اور بھادو کا پورا مہینہ مبارک ہے۔ وہ مزید کہتے ہیں کہ "ویسے بھی بھگوان شری رام کا نام محض لینے سے ہی سبھی برائیاں دور ہو جاتی ہیں۔" مہنت پرمہنس داس نے سوروپانند سرسوتی کو چیلنج بھی پیش کیا اور کہا کہ "وہ (سوروپانند) اس معاملے پر آ کر مجھ سے شاسترارتھ کریں۔"


مہنت پرمہنس داس نے شنکراچاریہ سوروپانند سرسوتی پر الزام عائد کیا کہ وہ مندر تعمیر کے کام میں رخنہ اندازی کرنا چاہتے ہیں اس لیے بھومی پوجن کی تاریخ کو 'اشبھ' ٹھہرا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ "ہنومان چالیسا سے لے کر رِگ وید تک آ کر سوروپانند سرسوتی شاسترارتھ کریں اور ثابت کریں کہ 5 اگست کو بھومی پوجن کرنا غلط ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔