تین طلاق قانون نہیں مندر بنانے کے لئے ووٹ ملے تھے: توگڑیا

بی جے پی پر برہم ہوتے ہوئے پروین توگڑیا نے کہا ’’ایودھیا میں جلد عالیشان رام مندر تعمیرہونا چاہئے، جس کا طویل مدت سے ہندو طبقہ منتظر ہے ۔ ‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: وشو ہندو پریشد کے ’بین الاقوامی ‘ قائم مقام صدرپروین توگڑیا نے وزیر اعظم نریندر مودی حکومت پر پھر سے حملہ بولا ہے۔ توگڑیا کا کہنا ہے کہ لوگوں نے ایودھیا میں رام مندر تعمیر کی غرض سے مودی حکومت کا انتخاب کیا تھا ، تین طلاق پر قانون سازی کے لئے نہیں۔ پروین توگڑیا نے کہا کہ حکومت کو رام مندر تعمیر کا راستہ صاف کرنے کے لئے قانون سازی کرنی چاہئے۔

بی جے پی کی حالت اس وقت ’نہ خدا ہی ملا اور نہ وصال صنم ‘ والی ہو چکی ہے۔ مسلمان اس بات پر اعتراض ظاہر کر رہے ہیں کہ بی جے پی حکومت ان کے مذہبی امور میں دخل اندازی کر رہی ہے اور بنیاد پرست ہندواس لئے ناراض ہیں کہ 4 سال گزر چکے ہیں پھر بھی رام مندر تعمیر کی طرف بی جے پی کی کوئی توجہ نہیں ہے۔

ایک زمانے میں مسلمانوں کے خلاف آگ اگل کر بنیاد پرست ہندؤں میں شہرت حاصل کرنے والے پروین توگڑیا آج کر بی جےپی سے بیزار چل رہے ہیں۔ اکثر مودی اور بی جے پی کے خلاف بیان بھی دیتے رہتے ہیں۔

بی جے پی حکومت والی ریاست راجستھان کی ایک عدالت میں توگڑیا پر زیر التوا مقدمہ کے سلسلہ میں غیر ضمانتی وارنٹ جاری ہونے کے بعد جب گرفتاری کی تلوار لٹک گئی تووہ حیرت انگیز طور پر غائب ہو گئے تھے۔ 11 گھنٹے غائب رہنے کے بعدوہ پھرمنظر عام پر آئے اور کہا کہ انہیں جان سے مارنے کی سازش ہو رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’دہلی باس‘ کے کہنے پر کرائم برانچ میری جان کے درپے: توگڑیا

پروین توگڑیا نے کہا ’’ لوگوں نے آپ کو تین طلاق پر قانون بنانے کے لئے نہیں بلکہ ایودھیا میں رام مندر بنانے کے لئے چنا ہے۔‘‘ توگڑیا نے مزید کہا ’’رام مندر تعمیر کے لئے ایک قانون بنا نا چاہئے تاکہ تعمیر جلد از جلد کرائی جاسکے۔ ‘‘

توگڑیا کا کہنا ہے کہ ’’تین طلاق پر قانون بنانا ہے یا نہیں یہ تو حکومت پر منحصر ہے لیکن رام مندر کے لئے قانون ضرور بنانا چاہئے تاکہ اس کی تعمیر جلد ہو اور اس کے بغل میں مسجد نہ ہو۔‘‘

پروین توگڑیا کا کہنا ہے ’’طویل مدت سے ہندو طبقہ مندر تعمیر کا منتظر ہے اس لئے تعمیر جلد از جلد ہونی چاہئے۔‘‘

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بابری مسجد -رام جنم بھومی اراضی معاملہ میں 8 فروری کو سماعت کرتے ہوئے 14 مارچ تک اسے ملتوی کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: میرے انکاؤنٹر کی سازش ہو رہی ہے: توگڑیا

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔