40 برس سے کم عمر کے افراد کووڈ سے زیادہ متاثر: کشن ریڈی

کشن ریڈی نے کہا کہ مرکز نے 16 کمپنیوں کے ذریعہ کوویکسن، کووی شیلڈ اور اسپوتنک وی ٹیکوں کی تیاری کا فیصلہ کیا ہے اور توقع ہے کہ ستمبر اور دسمبر کے درمیان 250 تا 300 کروڑ ڈوز کی پیداوار کی جائے گی۔

کشن ریڈی، تصویر یو آین آئی
کشن ریڈی، تصویر یو آین آئی
user

یو این آئی

حیدرآباد: کوویڈ کے رہنمایانہ خطوط کو نظرانداز نہ کرنے کے لئے عوام کو انتباہ دیتے ہوئے مرکزی مملکتی وزیر داخلہ کشن ریڈی نے کہا کہ 40 سال سے کم عمر کے افراد کورونا سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ورچول پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکز نے ریاستوں کو بذریعہ طیارہ آکسیجن کے 1594 پی ایس اے یونٹس الاٹ کیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت تمام تر مساعی کر رہی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ آکسیجن، ٹیکوں اور ریمڈیسیور انجکشنس کی ملک میں کمی نہ ہونے پائے۔

کشن ریڈی نے کہا کہ مرکز نے 16 کمپنیوں کے ذریعہ کوویکسن، کووی شیلڈ اور اسپوتنک وی ٹیکوں کی تیاری کا فیصلہ کیا ہے اور توقع ہے کہ جاریہ سال ستمبر اور دسمبر کے درمیان 250 تا 300 کروڑ ڈوز کی پیداوار کی جائے گی۔ یہ کہتے ہوئے کہ ہندوستان کو ٹیکہ اندازی کے پروگرام میں تیسرا مقام حاصل ہے، مرکزی وزیر نے کہا کہ انہیں توقع ہے کہ دسمبر تک ہندوستان پہلے مقام پر پہنچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ کے تحت ریلوے پروٹکشن فورس اور بحریہ کا کووڈ راحت سرگرمیوں کے لئے استفادہ کیا جا رہا ہے۔


وزیر موصوف نے کہا کہ 85 آکسیجن ایکسپریس ٹرینیں ملک بھر میں چلائی جا رہی ہیں اور 9446 میٹرک ٹن آکسیجن کی گھریلو سطح پر پیداوار ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز نے ریاستوں کے لئے 51000 ونٹی لیٹرس سپلائی کیے ہیں۔ ان میں 1400 ونٹی لیٹرس تلنگانہ کو دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستیں ٹیکے اور ریمڈیسیور انجکشنس دیگر ممالک سے راست طور پر درآمد کرسکتی ہیں۔ انہوں نے تروپتی کے رویا اسپتال میں آکسیجن کی عدم دستیابی کے سبب کووڈ 19کے 11 مریضوں کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔