دہلی میں لوگوں کو یخ بستہ سرد لہروں کا سامنا، کم سے کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری ریکارڈ

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چند دنوں میں درجہ حرارت میں مزید کمی آئے گی۔ دہلی میں کل کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس سے نیچے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی میں اتوار کی صبح لوگوں کو یخ بستہ سرد لہروں کا سامنا کرنا پڑا۔ دارالحکومت دہلی میں صبح کا کم سے کم درجہ حرارت 4.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو اس موسم کا سب سے کم درجہ حرارت ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ ہفتہ کے روز دہلی میں موسم کا اب تک کا سب سے سرد دن تھا اور درجہ حرارت میں چھ ڈگری سیلسیس کی کمی آئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق قومی راجدھانی دہلی میں اگلے چند دنوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں مزید کمی آئے گی۔ محکمہ کے مطابق کل کم سے کم درجہ حرارت 5 ڈگری سیلسیس سے نیچے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 18 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔


محکمہ موسمیات نے کہا کہ شمالی ہندوستان کے دیگر حصوں میں آئندہ دو تین دنوں تک سردی کی لہر جاری رہے گی۔ محکمہ نے پیش گوئی کی ہے کہ 21 دسمبر تک شمالی راجستھان، پنجاب، ہریانہ اور چنڈی گڑھ کے کچھ حصوں میں سردی کی لہر سے حالات شدید ہو سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ گزشتہ تین دنوں سے پنجاب، ہریانہ، شمالی راجستھان سے تقریباً 10-15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغربی سمت سے خشک ہوائیں چل رہی ہیں اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں آئندہ تین روز تک سردی کی لہر میں اضافے کا امکان ہے اور اس کے بعد موسم بہتر ہو سکتا ہے۔


دریں اثنا، دہلی میں آج صبح ہوا کے معیار میں معمولی بہتری دیکھی گئی اور 290 کے انڈیکس کے ساتھ خراب زمرے میں رہا۔ سسٹم آف ایئر کوالٹی اینڈ ویدر فورکاسٹنگ اینڈ ریسرچ(ایس اے ایف اے آر-سفر)کے مطابق پی ایم 2.5 اورپی ایم 10 بالترتیب 117 اور 193 کیٹیگری میں رہا۔

مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ(سی پی سی بی)کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے پڑوسی حصوں میں ہوا کے معیار کا انڈیکس خراب زمرہ میں ریکارڈ کیا گیا ہے جس میں فرید آباد میں 244، غازی آباد میں 231، گرووگرام میں 226 اور نوئیڈاسیکٹر باسٹھ میں232 رہا۔ خیال رہے ہوا کا معیار صفر سے 50 اچھا، 51 سے 100 تسلی بخش، 101 سے 201 تک معتدل،201 سے 300 خراب، 301 سے 400 انتہائی خراب اور 401 سے 500 انتہائی ناقص ترین زمرے میں آتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔