جرائم میں نمبر ون ’راجدھانی دہلی‘ کے لوگ اپنے گھروں میں بھی غیر محفوظ: دیویندر یادو

دیویندر یادو نے کہا کہ ’’بی جے پی کی حکومت کے دوران جرائم میں نمبر ون راجدھانی دہلی کی صورتحال گزشتہ 5 ماہ میں بہتر ہونے کے بجائے مسلسل بگڑتی ہی جا رہی ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو</p></div>

دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو

user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: راجدھانی دہلی میں لا اینڈ آرڈر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر کانگریس ریاستی صدر نے بی جے پی پر جم کر حملہ بولا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’دہلی میں روزانہ ہو رہے جرائم کے واقعات سے بے پرواہ بی جے پی کی 4 انجن والی حکومت کی غیر فعالیت اور ناکامی کی وجہ سے دہلی میں انتشار کا ماحول بن گیا ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ دہلی والے اپنے آپ کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہوئے خوف کے سائے میں زندگی گزارنے کو مجبور ہیں۔ یہ انتہائی حیران کن امر ہے کہ راجدھانی میں قتل، عصمت دری، لوٹ پاٹ، اغوا اور سائبر کرائم جیسے جرائم سے متعلق غیر متوقع معاملے سامنے آنے کے باوجود دہلی پولیس جرائم کے اعداد و شمار میں اصلاح کی بات کر رہی ہے۔

دیویندر یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے دوران جرائم میں نمبر وَن راجدھانی دہلی کی صورتحال گزشتہ 5 ماہ میں بہتر ہونے کے بجائے مسلسل بگڑتی ہی جا رہی ہے۔ دہلی کی وزیر اعلیٰ اور مرکزی حکومت دہلی میں ہو رہے جرائم کو کنٹرول کرنے کے بجائے اپنی داخلی خامیوں سے نبرد آزما ہیں اور حکومت کی پولیس اور لا اینڈ آرڈر پر کوئی کنٹرول نہیں ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 دنوں میں 10 اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھکمی بذریعہ ای میل موصول ہونا پولیس انتظامیہ کی ناکامی نہیں تو اور کیا ہے۔ گزشتہ 11 سالوں سے دہلی میں جرائم کے واقعات میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔


کانگریس ریاستی صدر نے کہا کہ گزشتہ 6 ماہ میں دہلی میں قتل کے معاملوں میں 3.73 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔ عصمت دری ، چھیڑ چھاڑ اور ہراساں کرنے کے 118822 معاملات درج ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کے مطابق روزانہ 5 عصمت دری، 2 قتل، 18 جھپٹ ماری (سیکڑوں چین اسنیچنگ کے ایسے معاملے ہوتے ہیں جو درج نہیں ہوتے) 3 ڈکیتی اور نشہ آور اشیاء کے 5 معاملات درج ہو رہے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ گاڑی چوری کے 17512 معاملے، اغوا کے 2716 اور چھیڑ چھاڑ کے 863 معاملے درج ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں گھریلو تشدد اور ضعیف لوگوں کے قتل معاملات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

دیویندر یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی بے حسی کی وجہ سے دہلی جرائم کی راجدھانی بن چکی ہے۔ بے روزگاری کی وجہ سے نوجوان اپنی ضرورتوں کو پوری کرنے کے لیے جرائم کا شارٹ کٹ راستہ اپنا رہے ہیں، جس کے لیے بی جے پی کی مرکزی حکومت اور دہلی کی ریاستی حکومت کے ساتھ ساتھ گزشتہ عام آدمی پارٹی کی حکومت ذمہ دار ہے۔ دہلی کی تاریخ میں ایسا پہلی بارا ہوا کہ لوگ گھروں میں بھی اپنے آپ کو غیر محفوظ تصور کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔