بی جے پی کے کھوکھلے وعدوں سے لوگ تنگ آ چکے ہیں: شیوپال یادو

سماجوادی پارٹی کے جنرل سکریٹری شیوپال یادو کا کہنا ہے کہ لوگ بی جے پی کے کھوکھلے وعدوں سے تنگ آچکے ہیں اور اس بار وہ سماجوادی پارٹی کو اقتدار میں لائیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>اکھلیش یادو اور شیوپال یادو/ تصویر:آئی اے این ایس</p></div>

اکھلیش یادو اور شیوپال یادو/ تصویر:آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

سماجوادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری شیو پال سنگھ یادو نے کہا ہے کہ لوگ بھارتیہ جنتا پارٹی  کے کھوکھلے وعدوں سے تنگ آچکے ہیں اور اس بار وہ لوک سبھا انتخابات میں ایس پی کو ووٹ دیں گے۔ ہولی کے موقع پر وہ سیفئی میں نامہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔

شیو پال یادو نے کہا کہ ’’ہر کوئی بی جے پی سے تنگ آچکا ہے۔ مہنگائی، بے روزگاری اور بدعنوانی اپنے عروج پر ہے۔ بی جے پی کے وعدے جھوٹے اور کھوکھلے ہیں۔ اس بار لوگ ایس پی امیدواروں کی حمایت کر رہے ہیں اور ہم جیت کو یقینی بنائیں گے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’اگر ہم اتر پردیش میں جیت گئے تو بی جے پی کا صفایا ہو جائے گا۔‘‘ لوک سبھا انتخابات کے لئے پارٹی امیدواروں کے اعلان کے بارے میں شیو پال یادو نے کہا کہ بقیہ سیٹوں کے امیدواروں کا اعلان جلد کیا جائے گا۔


ایس پی کے جنرل سکریٹری نے پارٹی امیدواروں پر زور دیا کہ وہ ایس پی کے بانی آنجہانی ملائم سنگھ یادو کی پالیسیوں اور اصولوں کو آگے بڑھائیں اور پارٹی کے نظریہ کے مطابق عوام تک پہنچیں۔ یادو نے کہا کہ اس بار ایس پی کو عوام کی مکمل حمایت حاصل ہوگی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے اعلان کردہ امیدواروں کو اب تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ان کے بیٹے آدتیہ یادو کے بدایوں سے انتخاب لڑنے کا امکان ہے، شیو پال یادو نے کہا ابھی تو ہم ہی انتخاب لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی جو بھی ہدایات دے گی میں اس پر عمل کروں گا۔

شیو پال یادو کو بدایوں سیٹ سے پارٹی نے  امیدوار بنایا ہے۔ اس دوران پارٹی کے سینئر لیڈر رام گوپال یادو نے بھی صحافیوں سے بات کی اور کہا کہ جس طرح بھکت پرہلاد نے ہولیکا کو تباہ کیا تھا، اسی طرح ووٹروں کو بھی دہلی سے لے کر اتر پردیش تک پھیلی ہوئی تمام برائیوں کو دور کرنا چاہئے۔ واضح رہے کہ آج پورا یادو خاندان اپنے آبائی گاؤں سیفئی میں ہولی منا رہا ہے۔ اس کے لیے ایک اسٹیج تیار کیا گیا ہے جس پر ایس پی صدر اکھلیش یادو، پارٹی کے پرنسپل قومی جنرل سکریٹری رام گوپال یادو اور قومی جنرل سکریٹری شیو پال سنگھ یادو سمیت خاندان کے مختلف افراد موجود رہیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔