مدھیہ پردیش میں پٹواری امتحان گھوٹالہ کا پردہ فاش، راہل گاندھی نے ’ویاپم گھوٹالہ 2.0‘ قرار دیا

کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مدھیہ پردیش میں پٹواریوں (محکمہ محصولات کے ملازمین) کی بھرتی میں گھپلے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ 'ویاپم 2.0' ہے

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی / ٹوئٹر</p></div>

راہل گاندھی / ٹوئٹر

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے مدھیہ پردیش میں پٹواریوں (محکمہ محصولات کے ملازمین) کی بھرتی میں گھپلے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ 'ویاپم 2.0' ہے۔

راہل گاندھی نے مدھیہ پردیش میں اس کے خلاف ہونے والے احتجاج کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ’’مدھیہ پردیش میں بی جے پی نے صرف نوجوانوں سے چوری کی ہے! پٹواری امتحان گھوٹالہ، ویاپم گھوٹالہ 2.0 ہے، جو ریاست کے لاکھوں نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ ہے۔‘‘

راہل گاندھی نے الزام لگایا، "پہلے، بی جے پی نے عوام کی منتخب حکومت کو چرایا، اب وہ طلبا سے ان کے حقوق اور نوجوانوں سے روزگار چھین رہی ہے۔‘‘

دریں اثنا، کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے ٹوئٹ کیا، ’’مدھیہ پردیش میں بی جے پی کے دور حکومت میں یکے بعد دیگرے گھوٹالے ہوئے اور اب بھی ہو رہے ہیں۔ پٹواری امتحانی گھوٹالہ تازہ ترین معاملہ ہے۔ کیا ہر جلسے میں بدعنوانی پر لیکچر دینے والے وزیر اعظم نریندر مودی نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنے والے اس گھوٹالے کی تحقیقات کرائیں گے؟‘‘


مدھیہ پردیش کی اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ پٹواریوں کی بھرتی میں بڑے پیمانے پر دھاندلی ہوئی ہے اور گوالیار کے ایک پرائیویٹ کالج میں قائم ایک مرکز میں بھرتی کے امتحان میں سرفہرست 10 منتخب امیدواروں میں سے 7 نے شرکت کی۔ کانگریس کا دعویٰ ہے کہ کالج کو حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا ایک ایم ایل اے چلاتا ہے۔ وہیں، برسراقتدار بی جے پی نے اس بھرتی امتحان میں کسی قسم کی بے ضابطگیوں سے انکار کیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔