پٹنہ: عظیم اتحاد کی ووٹر ادھیکار یاترا جاری، راہل کی ایک جھلک پانے کو لوگ بیتاب، تیز دھوپ میں بھی کارکنان پُرجوش

راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کے ساتھ عظیم اتحاد کے رہنما کھلی گاڑی میں سوار ہوکر گاندھی میدان واقع گاندھی مورتی سے ہائی کورٹ واقع امبیڈکر مجسمے کے لیے نکلے۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

پٹنہ میں راہل گاندھی کی قیادت میں عظیم اتحاد کی ووٹر ادھیکار یاترا جاری ہے۔ وک سبھا میں اپوزیشن رہنما راہل گاندھی کے علاوہ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ، جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین سمیت کئی قد آور رہنما ووٹر ادھیکار یاترا کے آخری دن پٹنہ میں مارچ کے لیے موجود ہیں۔ بہار اسمبلی میں اپوزیشن رہنما تیجسوی یادو، وی آئی پی سربراہ مکیش سہنی سمیت کئی دوسرے رہنما اس مارچ میں کارکنان کا جوش بڑھاتے نظر آ رہے ہیں۔

راہل گاندھی اور تیجسوی یادو کے ساتھ عظیم اتحاد کے رہنما کھلی گاڑی میں سوار ہوکر گاندھی میدان واقع گاندھی مورتی سے ہائی کورٹ واقع امبیڈکر مجسمے تک نکل پڑے ہیں۔


بابائے قوم مہاتما گاندھی کے مجسمے پر گلپوشی سے شروع ہوا یہ مارچ بابا صاحب امبیڈکر کے مجسمے پر خراج عقیدت پیش کرکے ختم ہوگا۔ حالانکہ پٹنہ ضلع انتظامیہ نے ڈاک بنگلہ چوراہا تک ہی مارچ کی اجازت دی ہے۔ یہ مارچ ایس پی ورما روڈ، ڈاک بنگلہ چوراہا ہوتے ہوئے نہرو پتھ واقع امبیڈکر پارک جا رہا ہے۔ یہاں سبھی اہم رہنما عوامی جلسہ سے خطاب کریں گے۔

دوپہر ڈھائی بجے تک یہ جلسہ چلے گا۔ مارچ کو لے کر عظیم اتحاد کے رہنماؤں میں کافی جوش دیکھا جا رہا ہے۔ وہیں عظیم اتحاد کے کارکنان بھی پورے جوش کے ساتھ ترنگے اور پارٹی کے پرچم کے ساتھ پٹنہ کی سڑکوں پر چلتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ تیز دھوپ کے باوجود ان کے جوش میں کوئی کمی نہیں ہے۔


تقریباً 1.30 بجے راہل-تیجسوی سمیت عظیم اتحاد کا قافلہ ڈاک بنگلہ چوراہے پر پہنچا۔ یہاں پر لوگوں کی کافی بھیڑ تھی۔ راہل گاندھی اور تیجسوی یادو نے ہاتھ ہلا کر اپنے کارکنان کا استقبال قبول کیا۔ عام لوگ اور پارٹی کارکنان بھی ان رہنماؤں کی ایک جھلک پانے کو بیتاب نظر آئے۔ اس دوران عظیم اتحاد کے کارکنان انکم ٹیکس گولمبر کے قریب بھی جمع ہونے لگے ہیں۔ انکم ٹیکس گولمبر پٹنہ کا کافی مصروف علاقہ، انتظامیہ نے اس علاقے میں صبح سے ہی گاڑیوں کی آمد و رفت بند کر رکھی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔