ریل مسافروں کو 90 منٹ پہلے پہنچنا ہوگا اسٹیشن، نہیں ملیں گے کمبل-چادر

دہلی سے ملک کے مختلف شہروں کے لیے کل سے شروع ہو رہی 15 جوڑی ٹرینوں سے سفر کے لیے ریلوے نے نئی گائیڈ لائن جاری کی ہے۔ اس کے مطابق مسافروں کو ٹرین چھوٹنے سے 90 منٹ پہلے اسٹیشن پہنچنا ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

وزارت ریل نے 12 مئی سے ملک کی راجدھانی نئی دہلی سے ملک کی مختلف ریاستوں کے اہم شہروں کے لیے 15 جوڑی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے آج 4 بجے شام سے ٹکٹوں کی بکنگ بھی شروع ہو گئی۔ ایسے مسافر جو ان پیسنجر ٹرینوں سے سفر کرنے والے ہیں ان کے لیے گائیڈ لائن جاری کر دی گئی ہیں۔ گائیڈ لائن جاری کرتے ہوئے ریلوے سیکورٹی فورس (آر پی ایف) کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا ہے کہ ان مسافروں کو ٹرین چھوٹنے سے 90 منٹ پہلے ریلوے اسٹیشن پر پہنچنا ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ٹرین چھوٹنے کے 15 منٹ پہلے ریلوے اسٹیشن پر لوگوں کا داخلہ بند کر دیا جائے گا۔

قابل ذکر ہے کہ وزارت ریل نے مزدوروں کے لیے چلائی جا رہی ٹرینوں کے علاوہ 12 مئی سے 15 خصوصی ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ سبھی ٹرینیں نئی دہلی سے ملک کے اہم شہروں کے لیے چلائی جائیں گی تاکہ ضرورت مند لوگ اپنے گھر پہنچ سکیں۔ اعلان کے مطابق سبھی ٹرینوں کا آپریشن نئی دہلی ریلوے اسٹیشن سے ہوگا جو ہندوستان کے 15 شہروں تک مسافروں کو پہنچانے میں مدد کریں گی۔


وزارت ریل نے اتوار کو ان پیسنجر ٹرینوں کا آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ سبھی ٹرینیں مکمل طور سے اے سی کوچ والی ہوں گی اور ان کا کرایہ بھی زیادہ ہوگا۔ جانکاری کے مطابق ان کا کرایہ راجدھانی ایکسپریس کے کرایہ جتنا ہو سکتا ہے اور اس میں ڈائنامک پرائسنگ بھی نافذ رہے گا۔ اس میں تتکال اور پریمیم تتکال کی سہولت نہیں ہوگی۔ ایک کوچ کی سبھی 72 سیٹوں کے لیے بکنگ ہوگی اور بغیر کنفرم ٹکٹ کے کوئی بھی اسٹیشن میں داخل نہیں ہو سکے گا۔

ان ٹرینوں میں سفر کے لیے مسافروں کو ٹرین کی ٹائمنگ سے 90 منٹ پہلے اسٹیشن پہنچنا ہوگا۔ اس کے بعد وہاں مسافروں کی اسکریننگ ہوگی اور صحت مند پائے جانے پر سفر کی اجازت ملے گی۔ سفر کے دوران مسافروں کے لیے چہرے پر ماسک لگانا لازمی ہوگا۔ ان ٹرینوں کے سبھی کوچ اے سی ہوں گے، لیکن کمبل، تولیہ اور چادر کی سہولت نہیں ملے گی۔ پوری ٹرین میں درجہ حرارت جنرل رکھا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔