این سی آر میں آلودگی سے جزوی راحت، ہوا اب بھی ’انتہائی خراب‘ درجے میں
این سی آر میں ہواؤں کے باعث آلودگی میں معمولی کمی آئی مگر دہلی، نوئیڈا اور غازی آباد میں اے کیو آئی اب بھی 300 سے اوپر ہے۔ ماہرین کے مطابق نمایاں بہتری کے لیے بارش یا طویل تیز ہواؤں کی ضرورت ہے

نئی دہلی: قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) میں گزشتہ چند دنوں سے چل رہی تیز سرد ہواؤں کے سبب فضائی آلودگی میں اگرچہ معمولی کمی درج کی گئی ہے، تاہم مجموعی صورت حال اب بھی تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی)، دہلی آلودگی کنٹرول کمیٹی (ڈی پی سی سی) اور اتر پردیش آلودگی کنٹرول بورڈ (یو پی پی سی بی) کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق دہلی، نوئیڈا اور غازی آباد کے بیشتر علاقوں میں ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 300 سے تجاوز کر چکا ہے، جو ’انتہائی خراب‘ زمرے میں شمار ہوتا ہے۔
دہلی کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی سطح بدستور بلند ریکارڈ کی گئی۔ پنجابی باغ میں اے کیو آئی 336، آر کے پورم میں 341، روہنی میں 364، شادی پور میں 342، سیری فورٹ میں 355، سونیا وہار میں 344 اور وویک وہار میں 354 درج کیا گیا۔ وزیر پور میں اے کیو آئی 359 رہا، جبکہ پوسا علاقے میں صورت حال مزید سنگین دکھائی دی جہاں اے کیو آئی 365 ریکارڈ ہوا۔ منڈکا میں یہ سطح 369 تک پہنچ گئی، جو انتہائی خراب کیفیت کی نشاندہی کرتی ہے۔
دیگر علاقوں میں نہرو نگر میں 360، نریلا میں 342، اوکھلا فیز-2 میں 337، پٹپڑ گنج میں 331 اور نجف گڑھ میں 301 اے کیو آئی درج کیا گیا۔ شری اربندو مارگ پر 312 اور نارتھ کیمپس، دہلی یونیورسٹی کے اطراف 319 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔ این سی آر کے دیگر شہروں میں بھی حالات کچھ زیادہ مختلف نہیں رہے۔
نوئیڈا کے سیکٹر-125 میں اے کیو آئی 328، سیکٹر-1 میں 347 اور سیکٹر-116 میں 300 درج ہوا۔ البتہ سیکٹر-62 میں اے کیو آئی 281 ریکارڈ کیا گیا، جو ’خراب‘ درجے میں آتا ہے اور دیگر علاقوں کے مقابلے قدرے بہتر سمجھا جا رہا ہے۔ غازی آباد میں اندراپورم میں 257، لونی میں 328 اور سنجے نگر میں 292 اے کیو آئی درج کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں این سی آر میں درمیانے درجے کا کہرا چھایا رہنے کا امکان ہے۔ 17، 18 اور 19 دسمبر کے پیش گوئی شدہ اندازوں کے مطابق زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 سے 24 ڈگری اور کم سے کم 9 سے 10 ڈگری سیلسیس کے آس پاس رہ سکتا ہے۔ نمی کی سطح 95 سے 98 فیصد تک پہنچنے کے امکانات ہیں، جس کے باعث آلودہ ذرات کے فضا میں دیر تک معلق رہنے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے فی الحال کسی بڑی تبدیلی یا انتباہ کا اعلان نہیں کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ہلکی یا درمیانی رفتار کی ہوائیں آلودگی کو مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے کافی نہیں ہوتیں۔ فضائی معیار میں ٹھوس بہتری کے لیے تیز بارش یا طویل مدت تک چلنے والی تیز ہواؤں کی ضرورت ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔