اتر پردیش میں کورونا پر نہیں ہو پا رہا قابو، 17 مئی تک بڑھایا گیا کرفیو

کورونا سے مچے کہرام کے درمیان یو پی حکومت نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے کورونا کرفیو میں توسیع کا فیصلہ لیا ہے۔ ریاست میں جزوی کورونا کرفیو ابھی 17 مئی تک نافذ رہے گا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے۔ کورونا انفیکشن کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے ریاست میں لگے کورونا کرفیو کو بڑھا دیا گیا ہے۔ ریاست میں جزوی کورونا کرفیو 17 مئی تک بڑھا دیا گیا ہے۔ یہ جانکاری ریاست کے ایڈیشنل چیف سکریٹری انفارمیشن نونیت سہگل نے دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کورونا انفیکشن کی چین کو توڑنے میں جزوی کورونا کرفیو اثردار ہے۔ عام لوگ خود ہی آمد و رفت کم کر رہے ہیں۔ اس دوران صحت سے متعلق کاموں کے لیے پوری چھوٹ رہے گی۔ صنعتی سرگرمیاں، ای کامرس سے متعلق کام حسب سابق چلتے رہیں گے۔ راشن تقسیم اور ٹیکہ کاری کا عمل جاری رہے گا۔ کنٹنمنٹ زون میں صرف ڈور اسٹیپ ڈلیوری نظام سے فراہمی ہوگی۔

پنچایت الیکشن کے بعد گاؤں میں تیزی سے پھیل رہے انفیکشن اور 14 مئی کو ممکنہ عید کے تہوار کو دیکھتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کوئی بھی خطرہ نہیں لیتے ہوئے کرفیو کو ایک ہفتے کے لیے پھر بڑھا دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کووڈ ٹیم-19 کے ساتھ جائزہ میٹنگ میں کرفیو کو آگے بڑھانے پر فیصلہ لیا ہے۔ کورونا انفیکشن کے بڑھتے معاملے کو دیکھتے ہوئے چین توڑنے کے لیے ایک بار پھر کورونا کرفیو کو 17 مئی کی صبح 7 بجے تک بڑھا دیا گیا ہے۔ اس دوران پہلے کی طرح ہی سبھی پابندیاں نافذ رہیں گی۔ بے وجہ باہر گھومنے والوں پر سختی برتی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا ہے کہ کورونا کرفیو کا مقصد تبھی کامیاب ہوگا جب پروٹوکول پر پوری سختی سے عمل کرایا جائے گا۔


اس سے قبل 29 اپریل کو یوگی حکومت نے ریاست میں جمعہ کی شام 8 بجے سے منگل کی صبح 7 بجے تک کورونا کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ لیا تھا اور تین مئی کو دو دنوں کے لیے اسے مزید بڑھا کر جمعرات (6 مئی) کی صبح 7 بجے تک کر دیا۔ اس کے بعد اس کی میعاد پیر یعنی 10 مئی کی صبح 7 بجے تک بڑھا دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ اتر پردیش میں کورونا انفیکشن کا پھیلاؤ کافی تیز ہو گیا ہے۔ ریاست میں ہفتہ کے روز کورونا کے 26 ہزار 847 نئے کیسز درج کیے گئے تھے۔ اس دوران 298 مریضوں کی جان بھی چلی گئی۔ نئے معاملے سامنے آنے کے بعد ریاست میں انفیکشن زدہ مریضوں کی تعداد 14 لاکھ 80 ہزار 315 ہو گئی ہے۔ اس وقت ریاست میں سرگرم معاملوں کی کل تعداد 2 لاکھ 45 ہزار 736 ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔