پارلیمنٹ پر حملے کی برسی: وزیر اعظم مودی، سونیا گاندھی، ملکارجن کھڑگے، راہل اور پرینکا گاندھی کا شہدا کو خراجِ عقیدت
پارلیمنٹ حملے کی 24ویں برسی پر وزیر اعظم نریندر مودی، سونیا گاندھی، ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی سمیت متعدد سرکردہ شخصیات نے 2001 میں شہید سکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا

نئی دہلی: پارلیمنٹ پر 13 دسمبر 2001 کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کی آج 24ویں برسی ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں ان بہادر سکیورٹی اہلکاروں کو یاد کیا گیا، جنہوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور ہندوستانی جمہوریت کے مرکز کی حفاظت کی۔
برسی کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی سمیت کئی سرکردہ رہنماؤں نے شہید سکیورٹی اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
نئی دہلی میں منعقدہ خراجِ عقیدت پروگرام میں نائب صدر سی پی رادھا کرشنن، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور دیگر ارکان پارلیمنٹ نے بھی شرکت کی۔ رہنماؤں نے 2001 کے حملے میں جان گنوانے والے سکیورٹی اہلکاروں کی قربانی کو سلام پیش کیا اور کہا کہ قوم ان کے ایثار کی ہمیشہ مقروض رہے گی۔
کانگریس صدر کھڑگے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا، ’’ہم 2001 میں دہشت گردانہ حملے کے دوران پارلیمنٹ کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کرنے والے بہادر سکیورٹی اہلکاروں کو عقیدت کے ساتھ خراجِ سلام پیش کرتے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’شہدا کی بے مثال جرات اور قربانی قوم کی یادداشت میں ہمیشہ نقش رہے گی۔ ہم ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گردی کی ہر شکل کے خلاف جدوجہد کے اپنے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔ ہندوستان دہشت گردی کی تمام طاقتوں کے خلاف مضبوط اور متحد ہو کر کھڑا ہے۔‘‘
وہیں کانگریس کے سرکاری ایکس ہینڈل سے بھی ایک پوسٹ جاری کی گئی، جس میں 13 دسمبر 2001 کے حملے میں شہید ہونے والے جوانوں کو عقیدت کے ساتھ یاد کیا گیا۔ پارٹی نے کہا کہ جمہوریت کے تحفظ میں اپنی جان قربان کرنے والے ان بہادر سپاہیوں کا اعلیٰ ترین ایثار صدیوں تک یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ سال 2001 میں 13 دسمبر کی سرد صبح پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس جاری تھا اور ایوان میں خواتین ریزرویشن بل پر بحث ہو رہی تھی۔ اجلاس کے بعد سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی اور قائد حزب اختلاف سونیا گاندھی پارلیمنٹ سے روانہ ہو چکے تھے کہ صبح تقریباً ساڑھے گیارہ بجے ایک سفید ایمبیسیڈر کار گیٹ نمبر 12 سے پارلیمنٹ احاطے میں داخل ہوئی۔
سکیورٹی اہلکاروں کو شبہ ہوا تو انہوں نے گاڑی کا تعاقب کیا۔ اسی دوران کار نائب صدر کی کھڑی ہوئی گاڑی سے ٹکرا گئی اور دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ پورا احاطہ گولیوں کی آوازوں سے گونج اٹھا۔ سی آر پی ایف اور دیگر سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی اور ایک ایک کر کے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ یہ مڈبھیڑ تقریباً چار گھنٹے جاری رہی۔
اس حملے میں دہلی پولیس کے پانچ جوان، سی آر پی ایف کی ایک خاتون اہلکار، راجیہ سبھا سیکریٹریٹ کے دو ملازمین اور ایک مالی شہید ہوا۔ بعد ازاں اس معاملہ میں افضل گرو کو قصوروار قرار دیتے ہوئے عدالت نے سزائے موت سنائی، جس پر 2013 میں عمل درآمد ہوا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔